بالی ووڈ کے کامیڈی اداکار ستیش کوشک انتقال کرگئے

123-379.jpg

ممبئی: بالی ووڈ کے سینیئر اداکار ستیش کوشک 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار کے اہلِ خانہ نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ستیش کوشک کو نئی دہلی میں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اداکار انوپم کھیر نے بھی ٹوئٹر پر مداحوں کو ستین کوشک کی موت کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ موت اس دنیا کی آخری سچائی ہے، لیکن میں نے کبھی خوابوں میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں یہ بات کسی دن اپنے بہترین دوست کے بارے میں لکھوں گا۔‘
انوپم کھیر کے اپنی قریبی دوست کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’45 سال کی دوستی پر ایسا اچانک فل اسٹاپ لگ گیا، آپ کے بغیر زندگی کبھی ایک جیسی نہیں رہے گی ستیش!’۔
سوشل میڈیا پر ساتھی ادا کاروں کی جانب سے بھی ستیش کوشک کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہستیش کوشک کو 1987 کی سپر ہٹ فلم مسٹر انڈیا میں کیلنڈر کے کردار سے کافی پذیرائی ملی تھی جس کے بعد انہوں نے متعدد فلموں میں کامیڈی کردار کئے۔
وہ ایک مشہور ہدایتکار اور اسکرین رائٹر بھی تھے۔ ستیش کوشک نے سلمان کی مشہور فلم تیرے نام، روپ کی رانی چوروں کا راجا، پریم اور مشہور فلم ہم آپ کے دل میں رہتے ہیں سمیت کئی فلمیں ڈائریکٹ کی ہیں۔

شیئر کریں

Top