بسمہ معروف سات ماہ بعد کھیل سے منسلک ہونے پر شاداں

ایک بار پھر فیلڈ سنبھالنے کے بارے میں سوچ کر بھی پرجوش ہوں،جویریہ خان
کراچی (یواین پی)قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی 27 پلیئرز جمعرات سے کھیل کی سرگرمیاں ایک بار پھر شروع کردیں گی جب انہیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 31اکتوبر تک جاری رہنے والے چوبیس روزہ طویل کیمپ کے دوران اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔خواتین پلیئرز اس دوران اپنی استعداد کار اور فٹنس کی بہتری پر کام کرنے کے ساتھ آپس میں پریکٹس میچز بھی کھیلیں گی۔قومی ویمنز کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ سات سے آٹھ ماہ بعد کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے پر وہ بہت خوش اور ساتھی کرکٹرز ایک گروپ کی شکل میں ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی فٹنس اور اسکلز پر کام کرنے کی شدت سے منتظر ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث کھیل کا ردھم جہاں سے ٹوٹا تھا۔
اسے وہاں سے جوڑا جائے اور نئے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کی تقرری کے بعد تمام پلیئرز ان کے ساتھ اپنی کارکردگی اور اہلیت کی بہتری پر کام کرنے کیلئے پرجوش ہیں۔پاکستان کو دنیا کی چار بہترین ٹیموں میں سے ایک بنانے کی خواہشمند بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ ان کے ذہن میں کچھ منصوبے ہیں جن پر جلد ہی عمل کیا جائے گا۔لاک ڈاؤن کے دوران اپنی فٹنس پر متوجہ قومی ویمنز کپتان نے سخت جسمانی ٹریننگ کو اپنا معمول بنا کر ضائع ہونے والے وقت کی تلافی کی جس کا اب فائدہ پہنچے گا۔قومی ٹیم کی تجربہ کار کرکٹر جویریہ خان بھی ایک مرتبہ پھر فیلڈ سنبھالنے کے بارے میں سوچ کر ہی پرجوش ہیں جن کا کہنا تھا کہ جس کھیل سے محبت ہو اسے پھر سے شروع کرنے کا موقع مل جائے تو اس سے زیادہ بہتر کیا بات ہو سکتی ہے جبکہ نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کے بعد انہیں اب میدان میں واپسی کا انتظار ہے کیونکہ آرام کافی ہو چکا اور اب عملی قدم اٹھانے کا وقت آگیا ہے۔

شیئر کریں

Top