بھارتی کمپنی کے آئی ڈراپس سے امریکا میں 1 ہلاک؛ 5 بینائی سے محروم

123-103.jpg

نئی دہلی: دوا بنانے والی بھارتی کمپنی نے امریکا میں اپنے آئی ڈراپ سے ہونے والی اموات پر پورا اسٹاک واپس منگوالیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی کمپنی گلوبل فارما ہیلتھ کیئر نے اموات کی وجہ بننے والی آئی ڈراپس EzriCare کا اسٹال واپس لانے کا فیصلہ اُس وقت کیا جب امریکی ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے ان آئی ڈراپس کی جانچ کا اعلان کیا ہے۔
اس آئی ڈراپ سے امریکا کی 2 درجن ریاستوں میں 55 افراد کی بینائی بری طرح متاثر ہوئی جن میں سے 5 کی بینائی مکمل طور پر چلی گئی جب کہ ایک شخص کی موت بھی واقع ہوئی جس پر ایف ڈی اے نے بھی فوری تحقیقات شروع کی تھیں۔
صحت کے تحفظ کی امریکی ایجنسی FDA نے تحقیقات کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ آنکھوں کے یہ ڈراپس دوا کے خلاف مزاحمت کرنے والے بیکٹیریا سے آلودہ ہوسکتے ہیں جو مستقل بینائی کے ضائع ہونے کے ساتھ موت کا باعث بھی ہوسکتے ہیں۔
امریکی ایجنسی ’’ایف ڈی اے‘‘ نے مذکورہ آئی ڈراپ استعمال کرنے والے مریضوں اور ڈاکٹرز کو متنبہ کیا ہے کہ EzriCare Artificial Tears کے استعمال اور اس کو تجویز کرنے سے مکمل طور پر اجتناب برتا جائے۔
دوسری جانب بھارتی کمپنی گلوبل فارما ہیلتھ کیئر نے ایف ڈی اے کی تحقیقاتی رپورٹ کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی نے امریکا سے آئی ڈراپس کا مکمل اسٹاک واپس منگوالیا ہے۔

شیئر کریں

Top