سکردو(بیورو رپورٹ) ڈی آئی جی بلتستان کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک نے ایس ایس پی سکردو حسن علی اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عاطف میر کے ہمراہ پریس کلب سکردو میں ممبران پریس کلب سے تعارفی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلتستان کو منشیات سے پاک اور ٹریفک کے نظام کو مثالی بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے اس سلسلے میں مصلحتوں کا شکار ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ جرائم پیشہ اور قانون شکن افراد پورے معاشرے کے دشمن ہیں وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ یاد رہے بلتستان کے چاروں اضلاع میں انسداد منشیات اور ٹریفک آگاہی مہم زوروں پر ہے اس سلسلے میں چاروں اضلاع کے ایس پیز کی ہدایت پر ہر ضلع کے تمام تھانہ جات کا عملہ اپنے اپنے حدود میں تلاشی لے گا اور منشیات کے گھنانے جرائم میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی آئی جی بلتستان پہلے ہی منشیات کے خلاف سخت کارروائی کرکے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کو آپنے حدود کی کلیئرنس سرٹیفیکٹ فراہم کرنے کا پابند بنا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری کوتاہیوں اور غلطیوں کی نشاندھی کرنے والوں کو بھی ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے ہم اپنی اصلاح کرنے کی بھی بھرپور کوشش کریں گے۔ علما، صحافی اور عوام الناس پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں ہم ان کے مشکور ہیں۔ بلتستان کے عوام انتہائی مددگار اور باشعور ہیں جو حق اور سچ کا ساتھ دینے کے ساتھ معاشرتی بہتری کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہیں
جرائم پیشہ اور قانون شکن افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں،ڈی آئی جی بلتستان
