ذوالفقاربھٹوتیسری دنیاکے مظلوموں کی تواناآوازتھے،شریف استوری

123456-62.jpg

سکردو (بادشمال نیوز)پیپلز پارٹی بلتستان کے نظریاتی جیالوں کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ شہادت کے موقع پر ایک دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں سینئر رہنماں سمیت کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شریف استوری، کامریڈ سجاد مہدی، عبداللہ حیدری، ڈاکٹر ممتاز، الطاف استوری، افتخار ایڈووکیٹ، طالب حسین اور میر لیاقت نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید ملک میں جمہوریت کے حقیقی علمبردار اور ترقی و خوشحالی کے ضامن تھے۔ بھٹو شہید نہ صرف پاکستان اور عالم اسلام کے عظیم رہنما تھے بلکہ تیسری دنیا کے تمام محکوموں اور مظلوموں کی توانا آواز تھے۔بھٹو شہید ناقابل شکست اور مستحکم پاکستان کی ضمانت اور جمہوریت کی علامت تھے. مقررین نے مزید کہا کہ کٹھ پتلی عمران نیازی جھوٹی امریکی دھمکی اور وقت گزاری کی اسلامی کانفرنس کے ذریعے ذوالفقار علی بھٹو بننے کی ناکام کوشش کر رہا تھا۔ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک سے فرار ہو کر غیر آئینی اقدام کے ذریعے قومی اسمبلی تحلیل کرنے سے عمران نیازی ایک بار پھر گیدڑ ثابت ہوا۔ عمران نیازی نے ساڑے تین سالوں میں قوم کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے اور قرضوں میں ڈبونے کے سوا کچھ نہیں کہا۔ مقررین نے مزید کہا کہ آج وطن عزیز کو جن اندرونی چیلنجز اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے ان حالات میں قوم قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی کمی شدت سے محسوس کر رہی ہے۔ ناقابل تسخیر پاکستان ذوالفقار علی بھٹو شہید کا وہ عظیم کارنامہ ہے جس کی وجہ سے آج دنیا کی کوئی طاقت ارض پاک کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرآت نہیں کرسکتی۔ رہنمائے عالم اسلام کی وسیع سیاسی بصیرت اور دور اندیشی نے موجودہ حالات کو قبل از وقت بھانپ لیا تھا اور عالم اسلام کے بکھرے ہوئے شیرازے کو ایک لڑی میں پرو کر امت مسلمہ کو متحد کر کے یہ واضح پیغام دیا تھا کہ اگر ہم متحد ہیں تو نام نہاد عالمی طاقتیں ہماری قدموں کی دھول ہیں۔ آج ایک بار پھر امت مسلمہ کو خواب غفلت سے بیدار کرنے کے لئے ذوالفقار علی بھٹو کے افکار و نظریات پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے اور ملک کو معاشی طور پر ناقابل تسخیر بنانے کے لئے عظیم رہنما کے معاشی نظریے کے مطابق چلنے کی ضرورت ہے۔ انشا اللہ پیپلز پارٹی اپنے عظیم رہنما ذوالفقار علی بھٹو شہید کی پالیسیوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اور ان پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مظبوط معاشی مستقبل فراہم کرے گی۔ تقریب میں ذوالفقار علی بھٹو شہید، محترمہ بینظیر بھٹو شہید سمیت پیپلزپارٹی کے تمام شہدا کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

شیئر کریں

Top