روندومیں زلزلے سے متاثرہ15سڑکوں کاکام مکمل،پانی کی سپلائی بحال

Untitled-1-copy-5.jpg

سکردو(بادشمال نیوز)ڈپٹی کمشنر سکردو حافظ کریم داد چغتائی کی زیر صدارت سب ڈویژن روندو میں زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیاں اور بحالی کے کام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسکردو، ایکسئین تعمیرات عامہ، ایکسئین برقیات، ایکسئین واسا، ڈی ایچ اوسکردو اور اے ڈی ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے شرکت کی۔ ڈی سی سکردو میں اجلاس میں موجود تمام محکمہ جات کے آفیسران سے سب ڈویژن روندو میں حالیہ زلزلے سے متعلق ایمرجنسی کاموںکے حوالے سے بریفنگ لی۔ اجلاس میں ایکسئین تعمیرات نے کہا کہ حالیہ زلزلے سے سب ڈویژن روندو میں کل 21سڑکیں متاثر ہوئے تھے جس میں 15رابطہ سڑکوں پرکام مکمل کر لیا ہے جبکہ بقیہ 6سڑکوں پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے اور آئندہ چند روز تک سڑکیں آمدورفت کے لئے بحال کیا جائے گا تاکہ عوام الناس کا رابطہ دوسرے علاقوں سے بحال کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ بقیہ 6سڑکوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور جلد از جلد روڈز کی بحالی کو یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں ایکسئین واسا نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی بحالی کو یقینی بنایا گیاہے اس سلسلے میں تمام مین لائنز کو بحال کر دیا گیا ہے اور ڈسٹری بیوشن کا عمل جاری ہے جسے جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ ڈی سی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام علاقوں میں پینے کی پانی کو یقینی بنائیں اور بقیہ کاموں کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں ایکسئین برقیات نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ روندو میں زلزلہ سے متاثرہ گائوں میں بجلی کی ترسیل کو یقینی بنایا گیا ہے اور اس وقت تمام متاثرہ گائوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اپنے عملے کا ہر وقت تیار رکھیں اور بجلی کی فراہمی کو بحال رکھا جائے۔ اے ڈی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سب ڈویژن روندو میں زلزلے سے متاثرہ تمام گائوں میں ٹینٹ اور راشن پہنچا گیا ہے اور مزید ٹینٹ اور راشن متاثرہ لوگوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سکردو نے تمام شرکاء اجلاس کو ہدایا ت جاری کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ سے متاثرہ تمام علاقوں میں جاری کاموں کو ذاتی طور پر نگرانی کرتے ہوئے کام کی رفتار کو تیز کریں اور معیار کو بھی بہتر بنائیں۔

شیئر کریں

Top