غلط معلومات کا پھیلاؤ معاشرے کی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے، آرمی چیف

1236-29.jpg

لاہور(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ غلط معلومات پر مبنی مہم کا مقابلہ کرنے اور دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہنے کی ضرورت ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورہ ہیڈ کوارٹرز لاہور کور کے دوران فیکلٹی ممبران اور طلبا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غلط معلومات کا پھیلا معاشرے کی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے.آرمی چیف نے لمز، ایف سی یو، یوای ٹی، ایل ایس ای، پی یو اور جی سی یو کے وی سیز، فیکلٹی ممبران اورطلبہ سے مکالمے کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں، انہیں مناسب مواقع اور سازگار ماحول ملنے پر وہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فیوچر لیڈرشپ کی تیاری میں ان اہم تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور ماحولیات کے شعبوں میں ترقی کی اشد ضرورت ہے۔اس موقع پر آرمی چیف کو کور ہیڈکوارٹر میں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔ سیشن کے دوران کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی موجود تھے۔

شیئر کریں

Top