محرم الحرام قربانی،جدوجہد ،انسانی اقدار اور عوامی حقوق کا درس دیتا ہے:وزیر اعلیٰ

g10-3.jpg

اس ماہ مقدس میں صوبہ بھر میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ہم سب کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،خالد خورشید
محرم الحرام کے ایام میں دوران مجالس اور جلوسوں کے کورونا وائرس ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا جائے
گلگت (سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے محرم الحرام کے مقدس مہینے کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ماہ مقدس ایثار، قربانی، جدوجہد، انسانی اقدار اور عوامی حقوق کا درس دیتا ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ اس ماہ مقدس میں نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ کی شہادت اسلام اور انسانیت کی بقاء کیلئے تھی آپؓ کی جدوجہد دین محمدیؐ کی بقاء، انسانیت کی خدمت اور عوامی حقوق کیلئے تھی۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ کی جدوجہد بلاتفریق مذہب و مسلک پوری انسانیت کیلئے تھی۔ محرم الحرام ہمیں حضرت عمرفاروقؓ ،نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی شہادتوں کیساتھ ساتھ ان کے مشن اور جدوجہد کی طرف بھی متوجہ کرتا ہے۔ ظلم کے سامنے ڈٹ جانا اور ظالم اور جابر کے سامنے کلمہ حق کہنا ماہ مقدس کا صحیح مفہوم ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ محرم الحرام عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مقدس میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ہم سب کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ محرم الحرام کا پیغام اتحاد بین المسلمین ہے۔ اسلام کے بتائے ہوئے اصولوں اور تعلیمات پر عمل کرنا باعث نجات ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشیدنے کہا کہ اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم الحرام امت مسلمہ میں اخوت و محبت، اتحاد، انسانیت کی فلاح و بہبود، باہمی رواداری کو تعلیمات نبوی کی روشنی میں فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے عوام سے اپیل کی ہے کہ محرم الحرام کے ایام میں دوران مجالس اور جلوسوں کے کورونا وائرس ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھیں۔ ویکسین لازمی کرائیں۔ علمائے کرام سے بھی اپیل کی ہے کہ مجالس میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے ویکسین اور ایس او پیز کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سختی سے ایس او پیز پر عملدررآمد کی تلقین کریں۔
وزیر اعلیٰ

شیئر کریں

Top