نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر 8اہم کیوی کرکٹرز کی شرکت مشکوک

848551-new-zealand.jpg

پاکستان سے سیریز شیڈول ہونے کے باوجود ولیمسن، بولٹ اور لوکی فرگوسن سمیت اسٹار پلیئرز کو آئی پی ایل میچز میں شرکت کی اجازت دیدی جائے گی، نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ
آکلینڈ(آئی این پی)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر 8اہم کیوی کرکٹرز کی شرکت مشکوک ہو گئی ،کیوی کرکٹرز سیریز کی تاریخوں میں آئی پی ایل کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گے۔کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی شدہ بھارتی لیگ کا دوسرا مرحلہ19ستمبر سے یواے ای میں شروع ہوگا،دوسری جانب پی سی بی نے نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ میچز17ستمبر سے3اکتوبر تک جاری رہیں گے۔کیوی کرکٹرز میں سے ولیمسن حیدر آباد سن رائزرز کے کپتان ہیں،ٹرینٹ بولٹ اور ایڈم ملن دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز جبکہ کائیل جمیسن رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کرتے ہیں، مچل سینٹنر چنئی سپر کنگز،لوکی فرگوسن اور ٹم سیفرٹ کولکتہ نائٹ رائیڈرز،فن ایلن رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ یاد رہے کہ چند روز قبل بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس میں نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہا تھا کہ پاکستان سے سیریز شیڈول ہونے کے باوجود ولیمسن، بولٹ اور لوکی فرگوسن سمیت اسٹار پلیئرز کو آئی پی ایل میچز میں شرکت کی اجازت دیدی جائے گی،اس پر منتظمین نے اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق کیوی بورڈ کی جانب سے 8کرکٹرز کو بھارتی لیگ میں حصہ لینے کی اجازت ملنے کا امکان ہے،اس صورت میں کیوی ٹیموں کی کمان ٹم ساودی اور ٹام لیتھم کو سنبھالنا ہوگی۔دوسری جانب پاکستان سے سیریز کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان ہونے کی وجہ سے آئی پی ایل منتظمین میں ایک بار پھر تشویش کی لہر پائی جانے لگی، بعض فرنچائزز کی جانب سے کیوی بورڈ کے ساتھ رابطے کے فقدان پر بھی بی سی سی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

Top