وزیراعظم کو صرف دو کام آتے ہیں تقریر کروا لیں یا چندہ اکٹھا کروا لیں، احسن اقبال

Ahsan-Iqbal.jpg

نیب کے جھوٹے کیسز عدالتوں کا وقت ضائع کر رہے ہیں،ملک میں بین الاقوامی معیار کے اسپورٹس سٹی کمپلیکس کو کھنڈر بنا دیا گیا،یہ اناڑی، یہ جاہل یہ ناکام ہیں، ملک کو دوبارہ اندھیروں میں ڈال دیا ہے، ہماری سفارتکاری اس حد تک تباہ ہو چکی کہ ہمیں اب یہ نہیں پتہ کہ ہم چین کے ساتھ ہیں یا امریکا کے ساتھ ہیں، بھارت ہمارے سامنے سے کشمیر اچک کر لے گیا، سیکرٹری جنرل (ن) لیگ کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ( ن) کے سیکرٹری جنرل اور ممبر قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا ہے کہ لانگ مارچ عوام کو لاقانونیت سے نجات دلانے کا مارچ ہے، بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کے جھوٹے کیسز عدالتوں کا وقت ضائع کر رہے ہیں،ان کا کہنا تھا ملک میں بین الاقوامی معیار کے اسپورٹس سٹی کمپلیکس کو کھنڈر بنا دیا گیا، وہ منصوبہ جو 90فیصد مکمل تھا اسے بھوت بنگلا بنا دیا گیا ہے،احسن اقبال نے کہا میرے خلاف ریفرنس میں مالی فائدے، رشوت یا کمیشن کا کوئی الزام نہیں ہے، مجھ پر صرف اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام لگایا گیا ہے، اس طرح کے بھونڈے ریفرنسز تو ترقی کے ہر منصوبے پر لگیں گے،حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے احسن اقبال نے کہا یہ اناڑی، یہ جاہل یہ ناکام ہیں، انہوں نے ملک کو دوبارہ اندھیروں میں ڈال دیا ہے، ہماری سفارتکاری اس حد تک تباہ ہو چکی کہ ہمیں اب یہ نہیں پتہ کہ ہم چین کے ساتھ ہیں یا امریکا کے ساتھ ہیں، بھارت ہمارے سامنے سے کشمیر اچک کر لے گیا، وزیراعظم کو صرف دو کام آتے ہیں تقریر کروا لیں یا چندہ اکٹھا کروا لیں، اس سے آگے ایک قدم جاتے ہیں تو ترجمانوں کا اجلاس بلا لیتے ہیں،احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تسلیم کر لیا کہ ان کی جماعت نے 70کروڑ میں سینیٹ کا ٹکٹ بیچا، عبدالقادرکو آزاد الیکشن میں کھڑا کرکے اپنا امیدوار بٹھا دیا اور پھر عبدالقادرکو اپنی جماعت میں شامل کر لیا،انہوں نے کہا کہ عمران خان مولانا فضل الرحمان کو مولانا ڈیزل کہتے نہیں تھکتے تھے، اب اگر مولانا عبدالغفور حیدری ان کے پینل میں آجائیں تو مولانا فضل الرحمان ٹھیک ہیں،اپوزیشن کے لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا مارچ کا لانگ مارچ عوام کو لاقانونیت سے نجات دلانے کا مارچ ہے، لانگ مارچ میں صرف پی ڈی ایم نہیں بلکہ ہر شخص نکلے گا۔

شیئر کریں

Top