وقت بتائے گا میٹرو ٹرین ملک کو زیادہ فائدہ پہنچائے گی یا صحت کارڈ، عمران خان

لاہور (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اس راستے پر چل رہے ہیں جو قوم کی عظمت کا راستہ ہے جبکہ کوئی ایشین ٹائیگر، مدینہ کی ریاست کا مقابلہ نہیں کر سکتا، پاکستان میں خاموش انقلاب آرہا ہے، کم آمدن والے افرادکوگھر بنانے کیلئے قرض دینے کا آغاز ہو چکا ہے، 20لاکھ خاندانوں کو بلا سود قرضے فراہم کئے گئے ہیں، ملک میں نجی شعبہ اب خودہسپتال بنائیگا جس سے پورے پا اکستان میں ہسپتالوں کاجال بچھ جائیگا،وقت بتائے گا میٹرو ٹرین ملک کو زیادہ فائدہ پہنچائے گی یا صحت کارڈ۔ان خیالات کااظہاروزیراعظم عمران خان نے لاہور میں صحت کارڈ کی تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم نے وزیر اعلی پنجاب اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے فیصلے کوئی نہیں کر سکتا، نہ پاکستان کی کسی حکومت نے ایسا اقدام کیا۔انہوں نے کہا کہ جب میں برطانیہ گیا تو میں نے پہلی بار فلاحی ریاست دیکھی، فلاحی ریاست وہ ہوتی ہے جو لوگوں کی مدد کرتی ہے، فلاحی ریاست ایک عام آدمی کی بنیادی ضروریات پوری کرتی ہے، وہ یہ نہیں چاہتی کہ خاص طبقہ ترقی کرے، وہ چاہتی ہے کہ سب ترقی کریں۔انہوںنے کہاکہ یہ ریاست پہلی بار نبیۖ نے بنائی تھی، پہلی بار ایک ریاست نے کمزور طبقے کی ذمہ داری لی تھی، اگر وہ ماڈل آپ نے دنیا میں دیکھنا ہے وہ مسلمان ممالک میں نہیں بلکہ یورپ میں ہے، وہاں اپنے کمزور طبقے کی مکمل ذمہ داری ریاست نے لی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب اللہ پاک ہمیں حکم کرتا ہے کہ نبیۖ کے راستے پر چلو تو اس میں ہماری بہتری ہے، جو قوم مدینہ کی ریاست اور نبی کی سنت پر چلے گی تو ترقی کرے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ مغربی ممالک میں وسائل کم ہیں لیکن وہاں خوشحالی زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی ۖکا خطاب رحمت اللعالمین تھا، رحمت المسلمین نہیں تھا، یعنی ان کے راستے پر جو چلے گا وہ ترقی کرے گا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں سب سے زیادہ روزے رکھے جاتے ہیں، نمازیں بھی زیادہ ہوتی ہیں، ہماری تبلیغی جماعتیں اتنے بڑے بڑے اجتماعات کر رہی ہیں لیکن ہم نبی کے راستے پر نہیں چلتے۔انہوںنے کہاکہ پنجاب کی حکومت اور ہم جو اقدام اٹھا رہے ہیں، ہم اس راستے پر چل رہے ہیں جو قوم کی عظمت کا راستہ ہے، یہاں حکمرانوں کو دیکھیں تو کہتے ہیں کہ ہم پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانا چاہتے ہیں تو کیا کوئی ایشین ٹائیگر، مدینہ کی ریاست کا مقابلہ کر سکتا ہے۔

شیئر کریں

Top