پنجاب،خیبرپختونخوا ،بلوچستان میں بارش،دھند کا زور تو ٹوٹ گیا،سردی کی شدت بڑھ گئی

 اسلام آباد  : پنجاب،خیبرپختونخوا ، بلوچستان اور شمالی علاقوں میں بارش کے بعد دھند کا زور تو ٹوٹ گیا مگر سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے دھند چھٹی تو سردی بڑھ گئی۔

اسلام آباد میں ہلکی رم جھم جاری رہی جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ،  ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، سرگودھا، خوشاب، لاہور، جھنگ اور  فیصل آباد میں اکثر مقامات پر بارش ہوئی ۔ لودھراں میں برکھا رت نے ہر شے کا حسن نکھار دیا۔دوسری جانب قلات میں ابر کرم برسا تو ٹھنڈ کی شدت بڑھ گئی۔

چمن میں مینہ برسنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ قلعہ سیف اللہ میں رات سے وقفے وقفے سے جاری بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔لکی مروت اور گرد ونواح میں سال نو کی پہلی رم جھم کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔ بنوں اور قرب و جوار میں بھی بوندا باندی جاری ہے۔ میران شاہ میں ہلکی ہلکی پھوار نے سردی میں اضافہ کردیا۔بلوچستان کے علاقے نوشکی میں شدید بارش ہوئی اور نشیبی علاقے زیر آب  ،ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔

پہاڑوں پر برفباری سے ہر طرف سفیدی چھا گئی۔ مری میں آسمان سے برستے سفید موتیوں نے ملکہ کوہسار کا حسن دوبالا کر دیا۔ ویک اینڈ پر سیاحوں کی بڑی تعداد نے سرد موسم کو انجوائے کیا۔ گلیات میں بھی سیاح حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ بالائی سندھ اور شمالی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر بادل برسیں گے، پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے  ۔

شیئر کریں

Top