سلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے پہلے استعفے دیے اور اب اسمبلی میں واپسی کے لیے تڑپ رہے ہیں، جس الیکشن کمیشن کو گالیاں دیتے ہیں اب اسی سے انصاف مانگ رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئینی اور قانونی طریقے سے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کی، پی ٹی آئی کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جارہے ہیں، پی ٹی آئی کے اعتراضات کا کوئی آئینی جوازنہیں، پی ٹی آئی والوں نے پہلے استعفے دیے اور اب اسمبلی میں واپسی کے لیے تڑپ رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے، جس الیکشن کمیشن کو گالیاں دیتے ہیں اب اسی سے انصاف مانگ رہے ہیں، عمران خان جب بھی ایم این اے بنے استعفیٰ دیا اورپھر اسے واپس لیا، عمران خا ن کے غلط فیصلوں کی قیمت اس کے ایم این ایز اور ورکرز ادا کرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست اب آہستہ آہستہ ختم ہو رہی ہے، عمران خان جس کی بھی تعریفیں کرتے ہیں پھر اسی کو گالیاں دیتے ہیں، عمران خان کو عہدے اور پیسے کی ہوس ہے، عمران خان اس دھرتی ، مٹی اور عوام کسی کا بھی نہیں ہے، عمران خان نے ہر معاملے میں یوٹرن لیا، عمران کا بیانیہ صرف اور صرف اقتدار کا حصول ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عمران خان کی پیداکردہ مشکلات کا ملبہ دوسروں پر ڈالنا مناسب نہیں، پاکستان کی ایک انچ زمین بھی دہشت گردوں کے پاس نہیں، ہمارے ہمسایوں کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہورہی ہے۔