چلاس،کے آئی یوطلبہ کامطالبات منظوری کیلئے کیمپس کے گیٹ پردھرنا

g32.jpg

چلاس (ڈسٹرکٹ رپورٹر)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی دیامر کیمپس کے طلبا کا اپنے مطالبات کے حق میں مرکزی گیٹ کے باہر احتجاجی دھرنا، اس موقع پر میڈیا نمائندہ سے بات چیت کرتے ہوئے طلبا کا کہنا تھا کہ تعلیم ہمارا بنیادی حق ہے۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی دیامر کیمپس کے طلبا کے لئے تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کیمپس کے لئے مستقل ڈائریکٹر نہ ہونے کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ KIU دیامر کیمپس کے لئے مستقل ڈائریکٹر تعینات کیا جائے۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں موجود سکالرشپ میں دیامر کو کوٹہ دیا جائے۔ دھرنے کے شرکا نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف دیامر ہمارا بنیادی حق ہے۔ ہمارے برابر کا ڈیوژن بلتستان میں اگر بلتستان یونیورسٹی بن سکتی ہے تو دیامر میں بھی یونیورسٹی آف دیامر بن سکتی ہے لہذا دیامر کیمپس کو یونیورسٹی آف دیامر کا درجہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈائریکٹر کی ڈیوٹی نہ دینے کی وجہ سے کیمپس کے مسائل حل نہیں ہو پارہے۔ مستقل ڈائریکٹر کی تعیناتی کیمپس کے تعلیمی مسائل کا واحد حل ہے۔ موجودہ ڈائریکٹر کی عدم حاضری کی وجہ سے کیمپس کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا داخلی ضلع دیامر میں پاکستان کا میگا پراجیکٹ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ تعمیر ہورہا ہے۔ محفوظ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے لئے دیامر کے عوام کے لئے تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے۔ پاکستان کا روشن مستقبل دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ سے منسلک ہے۔

شیئر کریں

Top