انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مزید کم ہوگئی

123-707.jpg

کراچی: چین کی قرضوں کی موخر ادائیگیوں کی سہولت اور مسلسل پانچویں ہفتے ذرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے جیسے عوامل کے باعث جمعہ کو بھی ڈالر بیک فٹ پر رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 282روپے سے نیچے آگیا جبکہ اوپن ریٹ بھی گھٹ کر 285روپے کی سطح پر آگیا۔

آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری ہونے کے باوجود معاہدے سے قبل دوست ممالک سے مطلوبہ مالیاتی سہولت حاصل کرنے کی نئی شرط سے ٹریڈ سیکٹر میں مایوسی پھیلی ہے لیکن اس مایوسی کے باوجود قرض پروگرام بحال ہونے کی امید بھی پائی جارہی ہے۔
ماہرین کاکہنا ہے کہ ماہ فروری میں درآمدات کا حجم 4ارب ڈالر تک محدود ہونے اور ہر سال کی طرح ماہ رمضان المبارک کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی آمد بڑھنے کا امکان ہے۔
اسی باعث انٹربینک میں ڈالر 280 سے 282روپے کی تیکنیکی سطح کے گرد گھوم رہا ہے اور جمعہ کو انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر بیک فٹ پر رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 92پیسے کی کمی سے 281.75روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 71پیسے کی کمی سے 281.71روپے کی سطح پر بند ہوا۔
اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50 پیسے کی کمی سے 285روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

شیئر کریں

Top