’اپنی بےگناہی ثابت کریں‘، الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس رکوانے کی واوڈا کی درخواست مسترد

Faisal-Vawda.jpg

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس پر سماعت رکوانے کی فیصل واوڈا کی درخواست خارج کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کا 12 اکتوبر کا فیصلہ چیلنج کیا تھا اور ان کی درخواست کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ناقابل سمات قرار دے کر خارج کردیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ 60 روز میں فیصل واوڈا کے خلاف درخواست آچکی تھی،آپ اپنی بےگناہی ثابت کریں، آپ کے ہاتھ صاف ہیں تو الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے دیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کہ آپ کو الیکشن کمیشن کی کارروائی سےکیاڈر ہے؟آپ کی درخواست ناقابل سماعت ہے، مسترد کی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ فیصل واوڈا کی نااہلی کا کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے، ان پر الزام ہےکہ انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے انتخاب میں حصہ لینےکے لیےکاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا اور اپنی دہری شہریت چھپائی۔

شیئر کریں

Top