اپوزیشن مائنس ون چاہتی ہے جو کسی صورت نہیں ہوسکتا، وزیراعظم

12345-479.jpg

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ مائنس ون چاہتے ہیں ایسا کسی صورت نہیں ہوسکتا، ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کو ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہیں ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے سینیئر وزرا کو بنی گالہ طلب کیا، جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرداخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراطلاعات فواد چوہدری شریک ہوئے، اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومتی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹری جنرل عامر کیانی اور بابر اعوان کو قانونی کاروائی کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کو ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہیں ہوگی، 27 مارچ کے جلسے میں قوم تبدیلی کے ساتھ نظر آئے گی، یہ چاہے جتنا بھی پیسہ لگا لیں، ان کا مقابلہ کروں گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ لوگ مائنس ون چاہتے ہیں ایسا کسی صورت نہیں ہوسکتا، شکرہے یہ مطالبہ کر رہے ہیں اس سے ہم اور اوپرجائیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی، اور ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو شبِ برات کی مبارک باد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ پاک ہم پر رحم فرمائیں اور ہمیں امن و خوشحالی سے نوازیں۔

شیئر کریں

Top