ای سی سی اجلاس؛ تیل کمپنیوں کیلیے پی ڈی سی کی مد میں 11.73 ارب منظور

12345-403.jpg

اسلام آباد(ویب ڈیسک)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں فرق کے کلیمز ( پی ڈی سی) کی ادائیگیوں کیلیے 11.73 ارب روپے کی منظوری دیدی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 15 ممالک کیساتھ قرضوں کی ری شیڈولنگ کے معاہدوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں فرق کے کلیمز ( پی ڈی سی) کی ادائیگیوں کیلیے 11.73 ارب روپے، رمضان ریلیف پیکیج کے تحت 8.2ارب روپے کی سبسڈی، پائپ لائن انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ پراجیکٹ (ایل این جی ٹو)کیلیے میسرز فیصل بینک کے حق میں 21 ارب روپے کی ساورن گارنٹی کی منظوری اور سیڈکاٹن کی قیمت 5700روپے فی 40کلوگرام مقررکرنے کی منظوری دیدی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ابتدائی طورپرکاٹن کی دوملین گانٹھیں خریدنے کی بھی اجازت دی جس کی مقدار کاماہانہ بنیادوں معائنہ کیاجائے گا۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) کااجلاس گزشتہ روز(منگل ) یہاں وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت منعقدہوا۔اجلاس میں وفاقی وزرا سیدفخرامام، اسدعمر،عمرایوب خان، حماداظہر،مخدوم خسروبختیار، وزیراعظم کے مشیرعبدالرزاق داد، وفاقی سیکرٹریز اورسینئرحکومتی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزارت اقتصادی امورکی جانب سے گروپ 20 ممالک کے قرضہ معطلی اقدام( ڈی ایس ایس آئی ) سے معتلق سمری پیش کی گئی۔ ای سی سی نے ڈی ایس ایس آئی کے تحت 15 قرضہ دینے والے والے ممالک سے قرضوں کی ری شیڈولنگ کے معاہدوں کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پائپ لائن انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ پراجیکٹ ( ایل این جی ٹو)کیلیے میسرز فیصل بینک کے حق میں 21ارب روپے کی ساورن گارنٹی سے متعلق سمری کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پی ایس او اورآئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں فرق کے کلیمز( پی ڈی سی) سے متعلق تحفظات پرپیٹرولیئم ڈویژن کی جانب سے اس حوالے سے طے کردہ طریقہ ہائے کارپرنظرثانی سے متعلق سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے سمری اوراس مقصد کیلیے 31 مارچ 2022 تک ادائیگیوں کیلیے اخراجات کی مدمیں 11.73 ارب روپے کے اضافی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں پیٹرولیئم ڈویژن کی جانب سے اوجی ڈی سی ایل کے جھل مگسی گیس کی سوئی سدرن کو دوبارہ تخصیص سے متلعق سمری پرای سی سی نے جھل مگسی گیس سے سوئی سدرن کو15 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مختص کرنے کی منظوری دیدی۔سوئی سدرن جھل مگسی ٹاون کوگیس فراہم کرے گا، سوئی سدرن کوگیس کی اس تخصیص سے طلب اوررسد کے درمیان فرق کوکم کرنے میں مدد ملے گی۔

وزارت پیٹرولیئم کی ایک اورسمری پرای سی سی نے ماڑی گیس ڈیپ گیس ریزروائیرسے سوئی نادرن کو30 جون 2024 تک 110 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے رمضان ریلیف پیکج سے متعلق سمری پیش کی گئی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت احساس راشن رعایت پروگرام کی بجائے پوری آبادی کیلیے 8.2 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری دیدی۔ ای سی سی نے اس حوالے سے مضبوط اورہموارطریقہ ہائے کاروضع کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے کاٹن کی فصل 2022-23 کی امدادی قیمت سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ ملک میں کاٹن کی فصل میں اضافہ اورملکی مارکیٹ میں استحکام لانے کیلیے ای سی سی نے سیڈکاٹن کی قیمت 5700 روپے فی 40 کلوگرام مقررکرنے کی منظوری دیدی،اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ابتدائی طورپرکاٹن کی دوملین گانٹھیں خریدنے کی بھی اجازت دی جس کی مقدار کا ماہانہ بنیادوں پرمعائنہ کیاجائے گا۔

اجلاس میں پاکستان ملٹری اکانٹس ڈیپارٹمنٹ کیلیے 200 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پاک یونیورسٹی آف انجنئیرنگ اینڈایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے منصوبہ کیلیے ہائیرایجوکیشن کے حق میں 3500ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

شیئر کریں

Top