بابر اعظم کے بھائی کی ایچ پی سی میں پریکٹس موضوع بحث

babarazampractice.jpg

لاہور: بابر اعظم کے بھائی کی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر(ایچ پی سی) میں پریکٹس موضوع بحث بن گئی۔
نیشنل ہائی ہائی پرفارمنس سینٹر میں صرف قومی اور فرسٹ کلاس کرکٹرز کو ہی پریکٹس کی اجازت ہوتی ہے، رشتہ داروں اور دوستوں کو ساتھ نہیں لایا جاسکتا، سفیر اعظم نے بھائی بابر اعظم کی رہنمائی میں یہاں بیٹنگ پریکٹس کی۔
انھوں نے جب سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی تو سخت تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا، اس فوٹیج میں تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کے کپتان اچھے اسٹروکس پر بھائی کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آتے ہیں، کوئی پروفیشنل کیریئر نہ ہونے کے باوجود ان کی سرگرمی مناسب نہیں تھی۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق بابر اعظم اور ان کے بھائی کنڈیشننگ کیمپ سے قبل نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر آئے تھے، واقعہ کا علم ہونے کے بعد اس کا نوٹس بھی لیا گیا۔ کپتان کو یاد دہانی کرائی گئی کہ پالیسی کے مطابق ایسا کرنا مناسب نہیں، انھوں نے اتفاق بھی کیا اور مستقبل میں محتاط رہنے کا یقین دلا دیا۔
یاد رہے کہ آف سیزن میں بھی قومی کرکٹرز نیشنل ہائی پرفارمنس میں جم سمیت ٹریننگ کی سہولیات کا فائدہ اٹھانے کیلیے آتے ہیں،عمارت کے عقب میں گراؤنڈ میں نیٹس بھی موجود ہیں، جہاں کوچز کی رہنمائی میں کھلاڑیوں کی تنکنیکی خامیاں دور کرنے پر کام ہوتا ہے،آف سیزن میں یہاں اسٹار کرکٹرز بھی ٹریننگ کرنے کیلیے آتے ہیں، اگر کسی کھلاڑی کو کسی تکنیکی کا سامنا کرنا پڑے تو وہ بھی کوچز سے رہنمائی کیلیے ایچ پی سی آ جاتا ہے۔

شیئر کریں

Top