بلوچستان ، سیلابمتاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کا ریلیف آپریشن

g10-2.jpg

کراچی(بادشمال نیوز)مون سون بارشوں کے دوران، پاک بحریہ ضلع لسبیلہ کے علاقوں اڑکی، اتھل، لاکھڑا سمیت دیگر دور دراز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل جاوید اقبال نے ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا جس کا مقصد امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا۔پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے متاثرہ علاقوں میں اپنے گھروں میں محصور افراد کو ہیلی کاپٹرز کی مدد سے امدادی سامان مہیا کیا۔ شدید سیلاب کے باعث سڑکوں کا بنیادی ڈھانچہ بہہ جانے کے باعث متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے ایسے علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کا واحد اور موثر طریقہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی سامان کی فراہمی ہے ۔ پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے امدادی آپریشن کے دوران ایک شدید بیمار خاتون سمیت سیلاب میں پھنسے دیگر چھ افراد کو بھی بچایا جنہیں طبی امداد کے لیے اتھل منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاک بحریہ قدرتی آفات کے دوران ہر ممکن امداد فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش ہے۔ بلوچستان میں پاک بحریہ کا ریلیف آپریشن مشکل گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کی ہر ممکن مدد کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔

شیئر کریں

Top