بھارتی دہشتگردی کشمیریوں کا راستہ روک نہیں سکتی‘ چوہدری بشیر

692317_033349_updates.jpg

مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند قوتوں کو دبانے کے تمام حربے ناکام ہو چکے ہیں
مانچسٹر(آئی این پی)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس تحریک کشمیر بورڈ برطانیہ و یورپ کے چیئرمین چوہدری بشیر رٹوی نے کہا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی، دھونس دباواور گرفتاریاں آزادی کے متوالوں کا راستہ روک نہیں سکتے جس کا تجربہ بھارت نے گذشتہ تہترسالوں میں خوب کیا۔انہوںنے زور دیکر کہا کہ حق و انصاف پر مبنی جدوجہدِ آزادی کی آواز کو بزور طاقت زیادہ دیر دبا یا نہیں جا سکتا۔اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند قوتوں کو دبانے کے تمام حربے ناکام ہو چکے ہیں۔ بھارتی دہشت گرد فوجیوں نے یہاں کے عوام کشمیریوں کا جینا حرام کر رکھا ہوا ہے۔ قتل، ریپ اور لوٹ مار کے سینکڑوں وارداتوں میں ملوث بھارتی درندہ صفت فوجی انسانیت کے نام پر بد نما دھبہ ہیں۔ ایسے ہتھکنڈے ہمیں ہمارے راستے سے روک نہیں سکتے اور نا ہی حق آزادی سے دستبردار ہونے پر ہمیں مجبور کرسکتے ہیں۔اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کی مسئلہ کشمیر پر مسلسل خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔
ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے گزشتہ روز کشمیر کمیونٹی کے ایک اجلاس میں کیا اور کہا کہ کشمیری قوم کا بھارتی مظالم کیخلاف پُر امن احتجاج کے ذریعے آواز بلند کرنا ایک جمہوری عمل ہے جبکہ پُر امن مظاہرین پر طاقت کا بے تحاشا استعمال اور بعد ازاں مظاہرین کو زندانوں میں قید رکھنابھارتی سرکار کا غیر جمہوری اور غیر انسانی فعل ہے۔ہند و پاک بشمول کشمیری قائدین کے درمیان مذکرات ہی جنوبی ایشیاء کے امن کے ضامن ثابت ہو سکتے ہیں کشمیری قوم کو مذاکرات سے باہر رکھ ہندو پاک کبھی بھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکتے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اصل فریق کشمیریوں کا شامل ہونا ضروری ہے اقوام عالم بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کرے اور کشمیریوں کو مذاکرات میں صف اول پر رکھنے کا پابند کرے تاکہ دیرپاء اورمثبت و جاندار حل نکالا جا سکے۔اُنھوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے نشے میں چور جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام پر وہ تمام تر مظالم جاری رکھے ہوے ہیں جو کسی مہذب معاشرے کو زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وقت کا تقاضا ہے کہ اب وہ کئی دہائیوں پر محیط اپنی مجرمانہ خاموشی توڑ کر مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں کھل کر سامنے آئیں تاکہ خطۂ کشمیر میں ہونے والی قتل و غارت گری کا خاتمہ ہو اور کشمیری عوام کو ان کا حق بھی ملے۔

شیئر کریں

Top