جب تک زندہ ہوں ، انصاف کی جنگ لڑتا رہوں گا، وزیراعظم

Imran-Khan-1.jpg

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ وہ جب تک زندہ ہیں انصاف اور قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑتے رہیں گے، یہ جنگ جیتے بغیر صحیح جمہوریت اور خوشحالی نہیں آسکتی۔

اسلام آباد میں قومی رحمت للعالمین ﷺ کانفرس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں عوام کا پیسہ چوری کرنے والا پارلیمنٹ تو کیا میڈیا میں منہ نہیں دکھا سکتا، پاناما کیس میں کس طرح کے جھوٹ بولےگئے، انگلینڈ میں قطری خط پیش کیا جاتا تو فوری جیل ہوجاتی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست نے لوگوں کو انصاف دیا اور بنیادی ضرورتیں پوری کیں، مدینہ کی ریاست کی بنیاد بلند اخلاقی معیار اور قانون کی حکمرانی تھی، ہماری جدوجہد بھی قانون کی حکمرانی کے لیے ہے، ہم ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی بھرپورکوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ جب تک زندہ ہیں، انصاف اور قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑتے رہیں گے ، قانون کی جنگ جیتنے تک ملک میں صحیح جمہوریت اور خوشحالی نہیں آسکتی۔

انہوں نےکہا کہ جلد سوا کروڑ خاندانوں کو کھانے پینےکی اشیا کے لیے رقم دیں گے، گندم پر سبسڈی دیں گے ، 90 لاکھ پاکستانی بیرون ممالک مقیم ہیں، 30 ،40 لاکھ اوور سیز پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کردیں تو ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں، ایک ایسے اوور سیز پاکستانی کو جانتا ہوں جس کے پاس اتناپیسہ ہے، جتنا ہم پر قرض ہے، پاکستان کاسسٹم اوورسیز پاکستانیوں کو وطن آنے نہیں دیتا۔

وزیراعظم نےکہا کہ ایٹم بم سے تباہ ہونے والی قومیں دوبارہ کھڑی ہوگئیں، اخلاقیات کو آپ بمباری سےتباہ نہیں کرسکتے، قوم وسائل سےغریب نہیں ہوتی، قانون اور انصاف نہ ہونے پر غریب ہوتی ہے، اگر آپ کے پاس اخلاقی معیار ہے تو جمہوریت کامیاب ہوسکتی ہے۔

شیئر کریں

Top