جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، 3 افراد جاں بحق

2347543-isbrain-1657693673-141-640x480-1.png

اسلام آباد: جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی، راولپنڈی کی نشیبی بستیاں پانی میں ڈوب گئیں۔

پانی گھروں اور گاڑیوں میں داخل ہونے سے املاک کو شدید نقصان پہنچا۔ شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی۔ راولپنڈی میں ڈھوک سیداں میں مکان کی دیوار گرنے سے بچہ نالے میں بہہ گیا۔ 3 سالہ ازہان نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ پانی کے تیز بھاؤ کی وجہ سے ایک کمرہ اور باتھ روم بہہ گیا۔ بچہ بیڈ پر سو رہا تھا اسی حالت میں پانی کی نذر ہو گیا۔

اڈیالہ کے علاقہ کچی پہاڑی پر بارش کے باعث چار کچے گھر متاثر ہوئے اور 12 سالہ بچہ ابو بکر جاں بحق ہوگیا۔ جان کالونی ٹینچ بھاٹہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔
راولپنڈی میں برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے اور موسلادھار بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہوچکی ہے، اسکیم تھری، کار چوک کے قریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی، ڈھوک جمعہ، چک جلال دین، گرجا روڈ،کمال آباد میں 5 سے 10 فٹ تک پانی داخل ہوگیا ہے۔

پارکنگ میں موجود درجنوں گاڑیاں ناکارہ ہوچکی ہیں، گھروں میں داخل ہونے والے پانی سے املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے، چک جلال دین کا رابطہ پل ڈوبنے سے شہری ایک جگہ محصور ہوکر رہ گئے۔

شیئر کریں

Top