خدا نے چاہا تو دو بارہ بالی ووڈ میں کام کروں گی، صبا قمر

12345-284.jpg

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اور لولی ووڈ کی معروف اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے خدا نے چاہا تو وہ بالی ووڈ میں دوبارہ کام کریں گی۔
صبا قمر جہاں پاکستان میں باغی، چیخ اور تھکن جیسے سپر ہٹ ڈراموں میں کام کرنے کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔ وہیں وہ بالی ووڈ میں مرحوم اداکار عرفان خان کے ہمراہ فلم ہندی میڈیم میں بہترین پرفارمنس دے کر بھارتی عوام کو بھی اپنا دیوانہ بنا چکی ہیں۔

حال ہی میں ایک بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو ٹیلیفون پر دئیے گئے انٹرویو میں صبا قمر نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ فلم ہندی میڈیممیں کام کرکے انہیں پہچان اور بہت سارا پیار ملا اور امید کرتی ہیں کہ وہ دوبارہ ہندی فلم انڈسٹری میں کام کریں گی۔
صبا قمر نے کہا کہ 2017 میں جب ودیا بالن نے ہندی میڈیم میں ان کی پرفارمنس کو سراہا تو انہیں بہت اچھا لگا تھا۔ مجھے تمام لوگوں کا شکریہ اداکرنے کا موقع نہیں ملا۔ مجھے خوشی ہے کہ مجھے فلم فیئر میں بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں ودیا بالن، کنگنا رناوت، سری دیوی اور عالیہ بھٹ کے ہمراہ نامزد کیا گیا۔

اداکارہ نے کہا میں بہتری کے لیے پرامید ہوں۔ میں ایک مثبت انسان ہوں اور خدا نے چاہا تو میں بالی ووڈ میں کام کروں گی۔ صبا قمر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے فلم ہندی میڈیم کے بعد دوبارہ بھارت میں کام نہیں کرسکیں، تاہم اب وہ بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے شو مسٹر اینڈ مسز شمیم میں کام کررہی ہیں۔

صبا قمر نے دوران انٹرویو بتایا کہ وہ خوش ہیں کہ بالآخر پاکستانی اور بھارتی انڈسٹری گھریلو اور کچن سے متعلقہ کہانیوں والے ڈراموں سے ہٹ کر حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے کہا جیسے بھارت میں آپ جن کرداروں کو پردے پر دکھاتے ہیں، آپ ان کرداروں کو زندگی دے رہے ہورہے ہوتے ہیں، لوگوں میں شعور اجاگر کررہے ہوتے ہیں اور ایسا کرنا ضروری ہے۔

صبا نے کہا ہم ہیرو ہیروئن کے بہت کردار ادا کرچکے۔ حقیقی زندگی میں ایک اچھی بیٹی اور اچھا کپل بننے کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے۔ اصلیت میں ہم بہت ساری مشکلات کا سامنا کرتے ہیں اور ہمیں ان مسائل پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔
صبا قمر نے پاکستانی انڈسٹری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اب کچھ عرصے سے مسائل پر مبنی ڈرامے اور فلمیں بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ جس کی مثال 2020 میں دکھایا جانے والا سپر ہٹ شو چڑیلز ہے۔ یہ پاکستان کی پہلی اوریجنل سیریز ہے جو زندگی چینل پر دکھائی گئی اور جسے اس کی کہانی کی وجہ سے سراہا گیا۔
صبا قمر نے کہا پاکستان میں ٹی وی پر ہم پر کچھ پابندیاں ہیں۔ ہم بولڈ مناظر نہیں دکھاسکتے، ہم حدود پار نہیں کرسکتے لیکن اس سب کے باوجود ہم مسائل پر بات کرتے ہیں اور لوگ ان سے سیکھ رہے ہیں۔ صبا قمر نے اپنے آنے والے شو مسٹر اینڈ مسز شمیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس شو میں معاشرے میں موجود مردانگی کے تصورات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
مسٹر اینڈ مسز شمیم ویب سیریز میں صبا قمر کے علاوہ اداکار نعمان اعجاز مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ کاشف نثار نے اس کی ہدایات دی ہیں۔ صبا قمر نے کہا جب انہوں نے اس سیریز کی کہانی سنی تو انہوں نے اس شو کے مرکزی خیال کو حساس قرار دیتے ہوئے کہا انہیں اس کہانی سے محبت ہوگئی تھی۔ یہ ویب سیریز زی فائیو پر 11 مارچ سے دکھائی جائے گی۔

شیئر کریں

Top