زلمی سے شکست کے بعد کنگز کی پلے آف کھیلنے کی امیدوں کو بڑا دھچکا

123-52.jpg

پشاور زلمی سے شکست کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں پلے آف مرحلے سے تقریباً باہر ہوچکی ہے البتہ امیدوں کو زندہ رکھنے کیلئے کنگز کو اپنے اگلے تینوں میچز جیتنا ہوں گے۔

گزشتہ روز راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دی تھی اس میچ میں محمد عامر نے جارحانہ بالنگ کا مظاہرہ کیا لیکن دیگر بالرز کوئی خاطر خواہ کارکردگی دیکھانے میں ناکام رہے جس کے باعث زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 197 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور 20 اوورز میں 173 رنز بناسکی، کپتان عماد وسیم 57 جبکہ میتھیو ویڈ 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں 7 میچز کھیل رکھے ہیں جس میں محض دو فتوحات حاصل کرسکی ہے جبکہ 5 میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے، پوائنٹس ٹیبل پر کنگز کی ٹیم پانچویں نمبر پر آگئی ہے۔
واضح رہے کہ کنگز کو پلے آف مرحلے تک رسائی کے لیے اپنے اگلے تین میچز جیتنے کے علاوہ دیگر ٹیموں کے نتائج کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔

شیئر کریں

Top