لانگ مارچ نیازی مافیا کیخلاف ریفرنڈم ہوگا،طالب حسین

سکردو (بیورو رپورٹ )پیپلزپارٹی کے رہنما طالب حسین نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ نیازی مافیا اور چالیس چوروں کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔ کمر توڑ مہنگائی کا قومی خزانے کے بجائے مافیاز کو فائدہ ہو رہا ہے۔ عمران نیازی غربت کے بجائے غریبوں کا خاتمہ کر رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کی قیادت میں گلگت بلتستان کے جیالے اور عوام لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔ عمران نیازی اور حواری بتائیں کہ بدترین مہنگائی کے باوجود ملکی قرضے کم کیوں نہیں ہو رہے، معیشت میں بہتری کیوں نہیں آرہی اور تعمیر و ترقی کیوں نہیں ہو رہی ہے۔ ان باتوں سے ثابت ہوتا ہے کہ غریب عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر مافیاز کو نوازا جا رہا ہے۔ عمران نیازی کنٹینر پہ کہتا تھا کہ ملک میں جب مہنگائی بڑھے اور پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوں تو سمجھ لو وزیراعظم چور ہے۔ آج بدترین مہنگائی نے ثابت کیا کہ عمران نیازی تاریخ کا سب سے بڑا چور ہے۔ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ حکومتی گرتی دیوار کے لئے فیصلہ کن دھکا ثابت ہوگا۔ عوام ان ظالم و جابر حکمرانوں کے خلاف کسی مسیحا کے منتظر ہیں اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مایوس قوم کے مسیحا بن کر سامنے آئیں گے۔

شیئر کریں

Top