نیپرا نے بجلی 3 روپے 10 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی

20220119_102039-6.jpg

اسلام آباد(ویب ڈیسک) نیپرا نے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 10 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے دسمبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 10 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے، اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) جی نے بجلی 3 روپے 12 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، جس پر اتھارٹی نے یکم فروری 2022 کو عوامی سماعت کی تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق صرف فروری کے مہینے کے بلوں پر ہوگا، اس سے قبل نومبر کا ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 30 پیسے جنوری میں چارج کیا گیا تھا، جو کہ صرف 1 مہینے کے لئے تھا، دسمبر کا ایف سی اے نومبر کی نسبت 1 روپے 20 پیسے فروری میں کم چارج کیا جائے گا، اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔

شیئر کریں

Top