وزیراعظم عمران خان نے سیاست کو گالی بنا دیا، بلاول بھٹو زرداری

12345-153.jpg

لاہور(ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سیاست کو گالی بنا دیا، موجودہ حکمرانوں کو گھر بھیج دینے کے بعد ہی ملک ترقی کرسکتا ہے، ہم اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی عوام کے لیے روٹی، کپڑا اور مکان کی بات کرتے ہیں۔لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر صوبے کو اس کا حق دلایا اور 18 ویں ترمیم سے پہلے لاہور کے نوجوانوں کی تعلیم یا وسائل کا پیسہ تھا وہ سب اسلام آباد میں خرچ ہورہا تھا، این ایف سی کے ذریعے لاہور کو لاہور کا حق دیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر لاہور میں میٹرو ٹرین موجود ہے اس کی بنیادی وجہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد ہے، آصف علی زرداری چین سے سی پیک لے کر آئے اور این ایف سی ایوارڈ بحال کروایا۔انہوں نے حکومت کو مخاطب کرکے کہا کہ موجودہ حکمران جلد بھاگ جائیں گے لیکن میں بیرون ملک نہیں بھاگوں گا، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ میرے مزدور کا معاشی قتل ہورہا ہوں میں موجود نہ ہوں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ تو ابھی شروعات ہے ابھی بہت لمبی اننگ کھیلوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے لاہور سے وعدہ کیا تھا کہ 50 لاکھ گھر بنا کردیں گے، تو کیا لاہور والوں کو ایک بھی گھر ملا؟ موجودہ حکمرانوں نے نوکری دینے کے بجائے لوگوں سے روزگار چھین لیے۔

شیئر کریں

Top