وزیراعظم کا عوامی فلاحی منصوبوں میں تیزی لانے کا فیصلہ، “کامیاب پاکستان” پروگرام فوری شروع کئے جانے کا اعلان

Imran-Khan.jpg

ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات کو بھی کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ
کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کیلئے مالی مدد دیں گے، حکومت نے اس کے لیے اربوں روپے کا بجٹ مختص کر دیا ہے ،5 لاکھ روپے تک بغیر سود قرضہ دیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم عمران خان کا عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لانے کا فیصلہ ملکی سطح پر “کامیاب پاکستان” پروگرام فوری شروع کرنے کا اعلان کردیاگیا ،اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کے لیے مالی مدد دیں گے، حکومت نے اس کے لیے اربوں روپے کا بجٹ مختص کر دیا ہے ،5 لاکھ روپے تک بغیر سود قرضہ دیا جائے گا۔ ہفتے کو وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں کامیاب پاکستان پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی عثمان ڈار، نیشنل بینک کے سربراہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام رواں ماہ لانچ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہاؤسنگ منصوبے، اسکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرضوں کو کامیاب پاکستان کے بینر تلے لایا جائے گا جبکہ ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات کو بھی کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت نے اربوں روپے کا بجٹ مختص کر دیا ہے اور 5 لاکھ روپے تک بغیر سود قرضہ دیا جائے گا،نچلے طبقے کے 40 لاکھ خاندان کو کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل کریں گے جبکہ کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کے لیے مالی مدد دیں گے،صوبوں کے عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس میں شامل کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب پاکستان حکومت کا فلاحی ایجنڈے پر مشتمل سب سے بڑا پروگرام ہو گا اور حکومت ہر خاندان میں سے ایک فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دے گی،انہوں نے کہا کہ منصوبے کے ذریعے ملک بھر کی عوام کو کم خرچ ہاوسنگ اسکیم میں شامل کیا جائے گا اور مائیکروفنانسنگ کے ذریعے نچلے طبقے کی مدد کا طریقہ کار بھی طے ہو گا۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک گیر سطح پر عوامی فلاح کے اقدامات کی ہدایت کی ہے اور وزیر خزانہ سے مشاورت مکمل کر لی ہے اور پروگرام چند دنوں میں لانچ کر دیا جائے گا۔

شیئر کریں

Top