وکٹ پر نمی ہونے کے باجود بولنگ توقعات پر نہیں اترسکی، آل راؤنڈر سلمان

123-79.jpg

کراچی: پاکستانی آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے پاکستانی گیند بازوں کی نیوزی لینڈ کے خلاف بولنگ کو توقعات کے برخلاف قرار دے دیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ کی وکٹ وقت گزرنے کے ساتھ ٹرن لے گی، ہمارے بولرز نے اچھی بولنگ کی، کوشش ہوگی کہ مہمان ٹیم کو جلد آوٹ کریں۔

ان خیالات کا اظہار تین کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے والے والے سلمان علی آغا نےدوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کے کھیل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے سیشن میں وکٹ پر نمی ہونے کے باجود ہماری بولنگ توقعات پر نہیں اترسکی اور ہمارے بولرز اچھی گیندیں نہیں کراسکے، بعد میں وکٹ سے مدد ملی تو آخری سیشن میں پانچ وکٹیں بھی مل گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کی نسبت وکٹ قدرے مختلف ہے، ابتدا میں وکٹ نہیں ملی لیکن بعد میں مہمان بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پہلے ٹیسٹ میں افتتاحی سینچری بنانے والے سلمان علی آغا نے اپنے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور بیٹنگ آل راؤنڈر خدمات انجام دینا چاہتا ہوں، بولنگ کی ذمہ داری کو نبھانے کی کوشش کی اور اچھے ایریا میں گیندیں کرائیں جس سے مجھے کامیابی بھی ملی۔

پاکستانی کرکٹر نے کہا کہ بیٹر ہوں لیکن بولنگ پر توجہ دی اور اس کی ثقلین مشتاق سے خصوصی رہنمائی حاصل کی ہے، پروفیشنل کھلاڑی کو ہر طرز کی وکٹ پر خود کو تیار رکھنا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس میں سو وکٹیں پانے کا سنگ میل عبور کرنے پر خوشی ہے۔

شیئر کریں

Top