’ٹی ایل پی سے معاہدہ جلد سامنے آجائے گا، ایم کیو ایم کے دفاترکیوں بند ہیں علم نہیں‘

270062_9766159_updates.jpg

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ ریاست نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے جو معاہدہ کیا ہے وہ جلد سامنے آجائے گا، ایم کیو ایم کے دفاترکیوں بند ہیں مجھے اس سے متعلق زیادہ علم نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ طالبان حکومت پر واضح کیا کہ ہمیں افغان سر زمین سے پاکستان میں دہشت گردی قبول نہیں۔

معید یوسف نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ’فواد کی اس بات سے متفق نہیں کہ ریاست کسی گروہ سے نمٹ نہیں سکتی، قومی سلامتی اجلاس میں کہا گیا ریاست کی رٹ ہے مگر مذاکرات کو موقع دیں، مذاکرات کو موقع دینے کا اچھا نتیجہ نکلا، معاملات مفاہمت کی طرف آئے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اب آپ یہ کہیں کہ ریاست کی طاقت نہیں ہے، لال مسجد کے معاملے پر تو طاقت تھی، میڈیا کہتا تھا آپ کی رٹ نہیں ہے، جب طاقت استعمال کی گئی تو اگلے دن آپ سب کھڑے ہوگئے۔‘

معید یوسف نے کہا کہ افغان طالبان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) میں مجھے کوئی تعلق نظر نہیں آتا، افغانستان میں بدامنی بڑھے گی تویہاں بھی اثرات آئیں گے، امریکا سے تعلقات میں بہتری پاکستان کےمفادمیں ہے، پاک امریکا تعلقات میں سرد مہری نہیں ہے، امریکا میں اس وقت پاکستان سے متعلق کوئی پالیسی نہیں۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ کشمیر سے متعلق جتنی آواز ہم نے اٹھائی کسی نے نہیں اٹھائی۔

شیئر کریں

Top