کشمیری عوام ریاست جموں و کشمیر کو ناقابل تقسیم وحدت سمجھتے ہیں:مسعود خان

مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ7دہائیوں سے جاری تحریک آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں،

کشمیری عوام ریاست جموں و کشمیر کو ناقابل تقسیم وحدت سمجھتے ہیں ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع اور بامقصد مذاکرات کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ جنگ کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں بھارت کشیدگی کی فضا ء سے نکل کر امن کے ماحول میں داخل ہو، تاکہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے 5جنوری یوم حق خودارادیت کے موقع پرپیغام میں کیا۔صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا5جنوری کو کشمیری عوام یوم حق خوارادیت کے طور پر مناتے ہیں ۔ کشمیر ی عوام اپنے بنیادی اور پیدائشی حق کو حاصل کرنے اور بھارت کے غاصبانہ تسلط کو ختم کرنے کیلئے ایک تسلسل سے اپنی جانوں کا نذرانہ  پیش کر رہے ہیں ۔کشمیری عوام کی جد وجہد آزادی گزشتہ تقریباً دو صدیوں پر محیط ہے کشمیری عوام اسلام کی سربلندی اور اپنی آزادی اور حریت فکر وعمل کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں ۔اس دوران بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے اسلاف کے کارناموں کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ ساری دنیا پر واضح کر دیا کہ کشمیری عوام مر مٹ سکتے ہیں لیکن وہ اپنے موقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے

۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت کی 8 لاکھ سے زائد فوج مقبوضہ کشمیر میں موجود ہے بھارتی افواج نے ظلم و جبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو بے سرسامان کشمیری عوام پر آزمایا نہ گیا ہو لیکن کشمیری عوام جرات پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں ۔ انہوں نے اپنے نصب العین کو نہیں چھوڑا وہ کسی بھی صورت میں اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہونگے ۔میں بھارت پر واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ وہ کشمیریوں کے بنیادی حق ، حق خودارادیت میں رکاوٹ نہ بنیں بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تا کہ مسئلہ کشمیر کا ٹھوس حل ممکن ہو۔انہوں نے کہاکہ موجودہ عالمی حالات اور خطے میں پڑنے والے ممکنہ اثرات کے پیش نظر اس دن کی اہمیت اب پہلے سے بھی زیادہ ہے ۔پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور کشمیری عوام کی امیدوں اور امنگوں کا محور و مرکز اور آخری پناہ گا ہ ہے موجودہ بین الاقوامی حالات میں تبدیلی کے بعد نہ صرف خطے میں بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے ۔

شیئر کریں

Top