کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا،اقوام عالم کرداراداکرے،ساجد نقوی

273775_6347715_updates-51.jpg

راولپنڈی(پ ر)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے،سات دہائیاں گزر گئیں مگر اقوام متحدہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے میں ناکام رہی ،مسئلہ کشمیر صرف بیانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے حل ہوگا، جنگ کے سوا دیگر قابل عمل و قابل حل آپشنز پر عمل کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب بڑھنے کے ساتھ مظلوم عوام کی ڈھارس بندھائی جاسکے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا خطے میںمستقل امن کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوگا، متفقہ قراردادوں کے باوجود اقوام متحدہ مسلسل خاموشی اور بے حسی کا مرتکب ہورہی ہے، ایک جانب مودی حکومت کے انتہاپسندانہ اقدامات مسلسل بڑھ رہے ہیں مگر افسوس دوسری جانب اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور او آئی سی کا کردار قابل ذکر تک نہیں رہا ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے 5 جنوری 1949میں اقوام متحدہ کے کشمیری عوام کیلئے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے کے دن پر اپنے پیغام میں کیا ۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ 7دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر گیا مگراقوا م متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد نہ کرسکی بلکہ کشمیری آج پہلے کی نسبت زیادہ مشکلات، مصائب اور مظالم سے دوچار ہیں ، ایک جانب کشمیری عوام ایک عرصہ سے اپنی آزادی کی تمنا لئے ہوئے جام شہادت نوش کررہے ہیں تودوسری جانب عصمت دری، پیلٹ گنز کے ذریعے نشانہ بن رہے ہیں، ریاستی جبر و ظلم کا کونسا حربہ ہے جو ان مظلوم عوام پر نہ آزمایاگیا ہو مگر آج بھی کشمیر سے آزادی کی صدائیں بلند ہورہی ہیں

شیئر کریں

Top