قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس   میں نیب کی سال 2019 کی مجموعی طور پر سالانہ کارکردگی کا جائزہ 

 اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرزمیں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں نیب کی سال 2019 کی مجموعی طور پر سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈی جی آپریشنز ظاہر شاہ نے بتایا کہ نیب کوسال 2019 میں مجموعی طور پر51591 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 46123 شکایات کو قانون کے مطابق نمٹا دیا گیاجبکہ اس وقت 13299 شکایات پر کاروائی کی جارہی ہے ۔ نیب نے سال 2019 میں 1464 شکایات پر جانچ پڑتال کی منظوری دی جن میں سے 1362شکایات کی جانچ پڑتال کو قانون کے مطابق مکمل کیا گیا جبکہ اس وقت 770 شکایات کی جانچ پڑتال پر قانون کے مطابق تحقیقات جاری ہیں ۔

نیب نے سال 2019 میں 574 انکوائریوں کی منظوری دی جبکہ658 انکوائریوں کومکمل کیا گیا۔ اس وقت 859 انکوائریوں پر قانون کے مطابق تحقیقات جارہی ہیں۔ اسی طرح نیب نے سال 2019 میں221 انوسٹی گیشنزکی منظوری دی جن میں سے 217 انوسٹی گیشنز پرقانون کے مطابق کاروائی مکمل کی گئی۔ اس وقت 335 انوسٹی گیشنزپر قانون کے مطابق تحقیقات جاری ہیں ۔ نیب نے سال 2019 میں 206 ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے ۔

جن میں سے 161 ریفرنسز پر فیصلہ ہوا۔نیب نے سال 2019 میںبدعنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلا واسطہ طو ر پر 150 ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چئیرمین نیب   جاوید اقبال کی قیادت میں نیب نے بدعنوان عناصرسے گزشتہ 27 ماہ میں 178 ارب روپے برآمد کرکے تقریباََ 600 بدعنوانی کے ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے ۔ اس وقت ملک کی 25 معزز احتساب عدالتوں میں نیب کے 1262 بدعنوانی کے ریفرنس زیرسماعت ہیں جن کی کل مالیت تقریباََ 943 ارب روپے ہے۔ اس کے علاوہ نیب نے 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 101  بدعنوانی کے ریفرنس معزز احتسا ب عدالتوں میں دائر کئے ہیں جبکہ 46 ریفرنسز کو قانون کے مطابق نمٹا دیا گیا ہے۔

اس وقت 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 13 انکوائریوںاور 19 انوسٹی گیشزتکمیل کے مراحل میں ہیں۔ اس کے علاوہ جن مقدمات میں معزز عدالتوں نے حکم امتناہی جاری کر رکھا ہے ان کی جلد سماعت کے لئے درخواستیں معز احتساب عدالتوں میں دائر کی جائیں گی۔ چئیرمین نیب نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانااوربدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے نیب کی 2019 کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تمام ڈی جیز کو ہدایت کی کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریوںاور انوسٹی گیشنز کو قانون کے مطابق مقررہ وقت کے اندرمنطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی کارکردگی جہاں معتبر قومی اور بین القوامی اداروں نے سراہا ہے وہا ں گیلانی اینڈ گیلپ سروے کے مطابق ملک کے 59 فیصد افراد نے نیب پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے نیب کے تمام انوسٹی گیشنزآفیسرز اور پراسیکیوٹرز کو ہدایت کی کہ تمام وائیٹ کالرمقدمات کی تحقیقات سائنسی بنیادوںپر ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ معزز احتساب عدالتوں میں ان کی موئژپیروی کی جائے تاکہ بدعنوان عناصر کوقانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔

انہوں نے کہا  کہ نیب کی موجودہ افرادی قوت کو بڑھانے اور ان کی استعداد کار میںاضافہ کیلئے جہاں میرٹ پر تحقیقاتی افسران بھرتی کئے ہیں وہاں ان کو جدید خطوط پر تربیت دی گی ہے۔ ان کی تربیت کی تکمیل کے بعد تفتیش اور تحقیقات کا نہ صرف معیار بڑھا ہے بلکہ تحقیقاتی افسروںکے کام میںاب مزیدتیزی آئی ہے۔ نیب نے ایک موثر مانیٹرنگ اینڈ ایلیویشن نظام بنایا ہے جس کے تحت تمام شکایات پر پہلے دن سے ہی ایک انفرادی نمبر لگا یا جا رہا ہے ۔  انہوں نے کہا  کہ انکوائریوں، انوسٹی گیشنز، احتساب عدالتوں میں ریفرنس، ایگزیکٹو بورڈ، ریجنل بورڈز کی تفصیل ، وقت اور تاریخ کے حساب سے ریکارڈ رکھنے کے علاوہ موثر مانیٹرنگ اینڈ ایلیویشن سسٹم کے ذریعہ اعدادوشمار کا معیاراور مقدار کا تجزیہ بھی کیا جا رہا ہے ۔

نیب نے شکایات کوجلد نمٹانے کیلئے انفراسٹرکچراورکام کرنے کے طریقہ کار میں جہاں بہتری لائی وہاں شکایات کی تصدیق سے انکوائری اور انکوائری سے لے کر انویسٹی گیشن اوراحتساب عدا لت میںقانون کے مطابق ریفرنس دائر کرنے کے لئے دس ماہ کا عرصہ مقرر کیا ہے اس کے علاوہ قومی احتساب بیورو نے اپنے ہر علاقائی دفتر میں ایک شکایت سیل بھی قائم کیا گیا ہے ۔ قومی احتساب بیورو نے نیب میں عصرِ حاضر کے تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پراسیکوشن ڈویژن میں نئے لا افسروں کی تعیناتی عمل میں لائیہے۔ اب آپریشن ڈویژن کے تحت نئے تحقیقاتی افسروں اور پراسیکوشن ڈویژن میں نئے لا افسروں کی تعیناتی سے دونوں ڈویژن مزید متحرک ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا  کہ قومی احتساب بیورو نے اپنے تحقیقاتی افسروں اور نئے لا افسروں کی جدید خطوط پر استعداد کار کو بڑھانے کے لئے ٹریننگ پروگرامز بھی ترتیب دئیے جہاں ان کو ملکی اور بین الاقوامی ماہرین کرپشن اور وائٹ کالر جرائم کی سائنسی بنیادوں پر جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے تحقیقات کے بارے میںآگاہی فراہم کی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ  نیب کی مجموعی طور پر احتساب عدالتوں میں بدعنوان عناصر کو سزا دلوانے کی شرح تقریبا70َ فیصد ہے جس کو مزید بہتر بنایا جائیگا اور کمنائنڈ انوسٹی گیشن کے نظام کے تحت تمام شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریوںاور انوسٹی گیشنز کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے نہ صرف مکمل کیا جائے بلکہ ہر شخص کی عزت نفس کا احترام کیا جائے۔

شیئر کریں

Top