ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا پرکاری ضرب

لاہور: ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن کی سربراہی میں ملاوٹ مافیا پر کاری ضرب لگائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے لاہورمیں ویجیلینس ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے 24 ہزار 580لیٹرگندہ، استعمال شدہ اورآلائشوں سے تیارکردہ آئل پکڑلیا۔استعمال شدہ آئل کی 4 گاڑیاں سپلائی کے لیے لاہور آرہی تھیں۔

مضر صحت آئل لانے والی گاڑیوں کو سگیاں پل، بابوصابو چوک،اور ہڑپہ ٹول پلازہ سے پکڑا گیاہے۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جانوروں کی آلائشوں سے تیار اور استعمال شدہ گھی، آئل نیلے ڈرموں میں چھپا کر سپلائی کیا جا رہا تھا۔

آلائشوں سے تیارآئل کو استعمال شدہ گندے تیل میں ملا کر کے دوبارہ فروخت کیا جا نا تھا۔عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ آلائشوں سے نکلا تیل بہت زیادہ سفید ہونے کے باعث گندے تیل میں حل ہو کر اسے نئے جیسا بنا دیتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی ایف اے قوانین کے مطابق آلائشوں سے نکلے تیل کی صرف بائیو ڈیزل بنانے میں استعمال کی اجازت ہے۔خوراک کے کاروبار میں دھوکہ دہی کرنے والے انسان دشمن سخت سزاؤں کے حقدار ہیں۔

شیئر کریں

Top