گیس بحران پر سندھ حکومت کا تمام پارلیمانی گروپس سے رابطے کرنے کا فیصلہ

کراچی:سندھ حکومت نے صوبے میں جاری گیس بحران پر وفاق سے احتجاج کے لئے تمام پارلیمانی گروپس سے رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسی سلسلے میں وزیرتوانائی امتیاز شیخ نے متحدہ پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اظہارالحسن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے،ٹیلی فونک گفتگو میں صوبائی وزیر نے کہا کہ آئیں ملکرسندھ میں گیس بحران کے خاتمے کیلئے آواز بلند کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرتوانائی امتیاز شیخ جلد جی ڈی اے،تحریک انصاف ودیگر پارلیمانی گروپس سے بھی رابطے کرینگے اور انہیں گیس لوڈشیڈنگ پر وفاق سے احتجاج کرنے کی درخواست کرینگے۔

واضح رہے کہ وزیرتوانائی امتیاز شیخ کو پیپلز پارٹی کے اعلیٰ حکام نے تمام پارلیمانی گروپس سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ نے نظام زندگی کو مفلوج کردیا ہے جبکہ وزیر توانائی عمر ایوب نے گیس بحران کا ذمے دار سابقہ حکومتوں کو قرار دیا ہے۔

شیئر کریں

Top