جماعت اسلامی مظلوم عوام کو لاوارث نہیں چھوڑے گی:لیاقت بلوچ

لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے وہاڑی سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سید جاوید شاہ اور وفد سے ملاقات کی ۔

وفد نے کہاکہ جماعت اسلامی کے نوجوان رہنما علی وقاص ہنجرا کو بے گناہ قتل کے مقدمہ میں ملوث کیا گیاہے ۔ پولیس ، انتظامیہ اور سارا شہر گواہ ہے کہ زیادتی ہو رہی ہے

لیکن علی وقاص کو عوامی مسائل اور پولیس کی ناروا زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔ لیاقت بلوچ نے آئی جی پولیس پنجاب ، آر پی او ملتان اور ڈی پی اووہاڑی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور مطالبہ کیا کہ مکمل غیر جانبدارانہ تفتیش کی جائے ،

علی وقاص ہنجرا بے گناہ ہے ۔ آئی جی پولیس پنجاب کی ہدایت پر جماعت اسلامی کا وفد آر پی او ملتان سے ملاقات کرے گا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران خان کے تمام دعوے بے بنیاد اور ہوائی ہیں ۔

پولیس نظام ٹھیک ہونے کی بجائے اور تباہی سے دوچار ہے ۔ سرکاری دفاتر میں عام غریب سائلین کی شنوائی نہیں ہوتی ۔ رشوت ، بدعنوانی ، لاقانونیت اور ناانصافی کا بازار گرم ہے ۔ پنجاب کے عوام جمہوریت نہیں فاشزم کی زد میں ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ انتظامیہ ، پولیس ، حساس اداروں میں حالات کی بہتری کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں لیکن نااہل ، بے سمت اور کوئی لائحہ عمل نہ رکھنے والی حکومت حالات کی خرابیوں کی ذمہ دار ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مظلوم عوام کو لاوارث نہیں چھوڑے گی ۔ قانون کے راج کے لیے ہم عوام کے پشتیبان ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ مہنگائی و بے روزگاری غریب اور متوسط طبقہ کے لیے عذاب بن گئی ہے ۔ بجلی ، گیس ضرورت کے مطابق موجود نہیں لیکن حکومتی نااہلی اور بد انتظامی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے ۔

عمران خان کی سربراہی میں ملک معاشی استحکام کو ترستا رہے گا ۔ اہل ، دیانتدار اور عوامی فلاح کے نظام کے لیے جماعت اسلامی ملک گیر عومی جدوجہد منظم کرے گی ۔

شیئر کریں

Top