اعلی تکنیکی میری ٹائم پیٹرول ائیر کرافٹس اور خودکار ڈرونز پاک بحریہ کے فضائی فلیٹ میں شامل

کراچی:اعلی تکنیکی میری ٹائم پیٹرول ائیر کرافٹس اور خودکار ڈرونز   پاک بحریہ کے فضائی فلیٹ میں شامل کر لیا گیا ۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب میں اعلی تکنیکی میری ٹائم پیٹرول ائیر کرافٹس اور خودکار ڈرونز کو پاک بحریہ کے فضائی فلیٹ میں شامل کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ جدید آلات اور ہتھیاروں سے لیس بحری آپریشنز کی صلاحیت رکھنے والے ائیر کرافٹس کی نیول فلیٹ میں شمولیت سے پاک بحریہ کی استعداد میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ان ائیر کرافٹس کی شمولیت سے اسپیشل فورسز کے آپریشنز کو بھی مزید وسعت حاصل ہو گی ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے جہازوں کے عملے کو ان جدید پلیٹ فارمز سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے اور ملکی بحری دفاع میں اہم کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔

نیول چیف کا کہناتھا کہ پلوامہ حملے کے بعد کشیدہ صورتحال میں پاکستان نیول ایوی ایشن نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کرقوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق میری ٹائم آپریشنز کو مزیدبہتر بنانے کے لئے جنگی صلاحیتوں کے حامل خود کار ڈرونز کا مزید حصول بھی پاک بحریہ کے آئندہ منصوبوں کا حصہ ہے۔تقریب میں سرکاری اداروں اور پاک بحریہ کے اعلی حکام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

شیئر کریں

Top