پی ٹی آئی حکومت میں 70 لاکھ سے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں۔میاں محمد اسلم

اسلام آباد : نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہاہے کہ حکومت نے 15ماہ میں بجلی کی قیمتوں میں پندرہ بار اضافہ کیا۔ 570ارب روپے کا بوجھ عوام پر ڈالا گیا۔

گیس اور بجلی کے بل ادا کرنے کے بعد لوگوں کی جیب خالی ہوجاتی ہے ،انہوں نے کہاکہ غربت کے مارے عوام بچوں کے تعلیمی اور علاج معالجے کے اخراجات بھی پورے کرنے سے قاصر ہیں ۔انھوں نے کہاحکومت نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے ،لوگ غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آکر جرائم یا خود کشیوں کر نے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آئی ایٹ مر کز تاجر یونین کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا پی ٹی آئی حکومت میں 70 لاکھ سے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں اور دس لاکھ سے زیادہ بے روزگار ہوئے ہیں ،پی ٹی آئی حکو مت مصنوعی اقدامات کے ذریعے عوام کو زیا دہ دیر دھوکہ نہیں دے سکتی ، وزیر اعظم عمران خان کی ٹیم نے ملک کو بد تر ین معاشی اور سیاسی بحران سے دو چار کر دیا ہے ،انھوں نے کہا حکومت نے ہر پریشانی اور مسئلے کا حل آرڈی نینس کو سمجھ لیاہے ۔ ملک ہر روز نئے نئے بحرانوں کا شکار ہورہاہے اور یہ بحران خود حکمرانوں کے پیدا کردہ ہیں ۔ مہنگائی اور بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے ۔

شیئر کریں

Top