زیادہ ٹونٹی ٹونٹی رنز، شعیب ملک ٹاپ تھری میں شامل

download-60.jpg

سابق قومی کپتان اب تک 390میچز میں 9926رنز سکور کرچکے ہیں
ملتان(ا ے ا یف بی) قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ رنز سکور کرنیوالے دنیا کے تیسرے بہترین بلے باز بن گئے۔ 38 سالہ شعیب ملک نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں خیبر پختونخوا کی جانب سے ناردرن کی ٹیم کیخلاف میچ میں 20 رنز سکور کیے جس کیساتھ ہی وہ 9922 ٹونٹی ٹونٹی رنز سکور کرنیوالے سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم سے آگے نکل گئے۔شعیب ملک اب تک 390 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 37.31 کی اوسط سے 9926 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 61 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے یہ رنز 125.53 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کررکھے ہیں۔ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب س زیادہ رنز سکور کرنے کا اعزاز ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے اب تک 13296 رنز بنارکھے ہیں، ان کے ہم وطن کیرون پولارڈ 10298 رنز کے ساتھ اس فہرست میں دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔
یاد رہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے افتتاحی میچ میں حیدر علی اور ذیشان ملک کے درمیان 180رنز کی شراکت کی بدولت ناردرن نے خیبرپختونخوا کو 79 رنز سے شکست دے دی۔ 243 کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز پر ہمت ہارگئی۔صاحبزادہ فرحان کے علاوہ خیبرپختونخوا کاکوئی بھی ٹاپ آرڈر بیٹسمین متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہا اور یکے بعد دیگرے آٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔

شیئر کریں

Top