چلی حکومت مخالف مظاہروں میں 16افراد گرفتار

download-83.jpg

مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس پر پولیس نے آنسوگیس کے شیل فائر کئے اور واٹر کینن کا استعمال کیا،پولیس سے بچنے کی کوشش میں نوجوان دریا میں گر گیا
سان تیاگو(یواین پی)چلی میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، پولیس سے جھڑپوںکے دوران 16 مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔چلی کے ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت سان تیاگو کی سڑکیں میدان جنگ بن گئیں، مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس پر پولیس نے آنسوگیس کے شیل فائر کئے اور واٹر کینن کا استعمال کیا، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کے دوران 4 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ 16 مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔جھڑپوں کے دوران ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جب ایک 16 سالہ نوجوان پولیس سے بچنے کی کوشش میں دریائے میپوچو میں گر گیا، پولیس حکام نے معاملے کی تحقیقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔لاطینی امریکی ملک میں معاشی ناہمواری اور پولیس تشدد کے خلاف گذشتہ برس 18 اکتوبر سے احتجاج جاری ہے جس کے دوران 30 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔

شیئر کریں

Top