شیخ رشید نہیں بننا چاہتا کہ مجھے ہر چیز کا علم ہے، شاہد آفریدی

images-86.jpeg

ٹک ٹاک بند ہونے پر مجھے بہت خوشی ہوئی: سابق کپتان کی میڈیا سے گفتگو
کراچی(اے ایف بی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہاہے کہ شیخ رشید نہیں بننا چاہتا کہ مجھے ہر چیز کا علم ہے۔ کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور ڈس ایبل کرکٹ ایسوسی ایشن کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے کہ ایک پاکستانی فرنچائز ایل پی ایل کا حصہ ہے، ندیم عمر فرنچائز کو اچھی طرح سے لے کر چل رہے ہیں، مجھے خوشی ہے کہ لیگ میں شامل گلیڈیٹر ٹیم کا حصہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ خراب کارکردگی پر بھارتی کپتان دھونی کو جو بھی دھمکیاں مل رہی ہیں وہ غلط ہے، یہ کوئی طریقہ نہیں۔
، دھونی بہت بڑا کرکٹر ہے اس نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو بلندی تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، وہ بھارت کا کامیاب ترین کپتان رہا ہے، اس نے سینیئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے اشتراک سے بہترین کرکٹ ٹیم کی قیادت کی۔شاہد آفریدی نے کہا کہ آج کے دور میں کرکٹ بہت تیز ہوگئی ہے، ٹی ٹونٹی کے بعد ٹی 10 کا بھی فارمیٹ آگیا ہے، انہوں نے کہا کہ جاری قومی ٹی ٹونٹی چیمپیئن شپ میں وکٹوں پرفاسٹ بولرزکو مشکلات کا سامنا ہے، اس کے باوجود فاسٹ بولرز کی بہترین کارکردگی قابل تحسین ہے، پاکستان کی وکٹیں ہمیشہ بیٹسمینوں کے لیے مددگار ہوتی ہیں لیکن اب اس میں تبدیلی لائی جانی چاہیے اگر وکٹیں بنانا آتا ہے تو تھوڑا سا باونسی اور کچھ سیم وکٹیں تیار کی جائیں جس سے بیٹسمینوں کو پتہ چلے اور بولرز کو بھی مدد ملے۔

شیئر کریں

Top