دورہ انگلینڈ دوسری ٹیموں کا پاکستان پر اعتماد بڑھے گا،احسان مانی

TELEMMGLPICT000199130644_trans4lB4GFcd2ffyksCJoOxtkcovQcNMm2OzFoz8CWWJ9-Q.jpeg

لاہور (اے ایف بی) انگلش کرکٹ بورڈ نے دورے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت کی تصدیق کردی۔انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوری 2021 میں دورے کی دعوت دی ہے، اس حوالے سے پی سی بی اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے بات کرکے حتمی فیصلہ کریں گے اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ای سی بی اپنا کردار ادا کرے گا۔انگلش بورڈکا کہنا ہے کہ مجوزہ دورہ پاکستان سے پہلے سکیورٹی اور صحت کے معاملات دیکھنا ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہاہے کہ انگلینڈ کا ایک ہفتے کیلئے اگلے برس کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کرنا ایک چھوٹا قدم ضرور ہو گا لیکن اس چھوٹے قدم کے مثبت اثرات بڑے ہوں گے۔ انگلینڈ کی ٹیم مختصر دورے کیلئے پاکستان آتی ہے تو یہ ایک بڑا بریک تھرو ہو گا اور اس چھوٹے قدم کے اثرات بڑے ہوں گے اور اس سے دوسری ٹیموں کا پاکستان پر اعتماد بڑھے گا۔انگلینڈ کے 12،13 کھلاڑی پہلے ہی پی ایس ایل کھیلنے کیلئے پاکستان آ چکے ہیں، انہیں یہاں آکر کوئی مسئلہ نہیں ہوا بلکہ آرام دہ ماحول میں رہے، اب بھی اگر یہ دورہ ہوتا ہے تو یہ ایک چھوٹا دورہ ہو گا جو کہ ایک ہفتے کا ہو سکتا ہے لیکن اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ آسٹریلیا کو 2021 کے سیزن کیلئے آسانی ہوگی۔ اس کے بعد اسی طرح سے دورے ہوںگے، انگلینڈ کی ٹیم مکمل دورے کیلئے پاکستان آئے گی اور میں سمجھتا ہوں کہ چھوٹے چھوٹے بلڈنگ بلاکس سے ہم بڑی عمارت کھڑی کر لیں گے۔راتوں رات ٹیمیں پاکستان آنے کیلئے حامی نہیں بھر رہیں، وہ صرف ایک مرتبہ کہنے پر پاکستان ٹیمیں نہیں بھیج رہے، یہ سب پاکستان اور پی سی بی کی ساکھ اور اس پر اعتماد کا نتیجہ ہے، ہماری مینجمنٹ نے ایسے کام کیے ہیں جنہیں اب سنجیدگی سے لیا جانے لگا ہے، ہم نے ایسا کبھی کوئی وعدہ نہیں کیا جسے پورا نہ کیا ہوا، جو کہا وہ کر کے دکھایا۔پاکستان میں کامیاب ایونٹس کیے ہیں، پی ایس ایل کے میچز کرائے ہیں جن کی سب نے تعریف کی ہے، انگلینڈ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن سکیورٹی کے لوگوں کیساتھ پاکستان آئے، انہوں نے خود یہاں کر حالات دیکھے ہیں، بنگلہ دیش ، سری لنکا اور آئر لینڈ کرکٹ حکام پاکستان آئے، انہوں نے اپنی آنکھوں سے سب دیکھا، سب نے یہ قرار دیا ہے کہ پاکستان کے سکیورٹی انتظامات کسی ملک سے کم نہیں ہیں، اس وجہ سے اعتماد بڑھا اور سب نے خود محسوس کیا کہ ہم نے جو کہا وہ پورا کرکے دکھایا۔

شیئر کریں

Top