دسمبرد31 تک جھاڑو پھرجانے والی بات پر قائم ہوں :شیخ رشید

Pakistan-Minister-Sheikh-Rasheed.jpg

اپوزیشن میں شامل تین جماعتوں کے 3علیحدہ ایجنڈے ہیں، بلاول بھٹو قومی حکومت، فضل الرحمان انتخابات اور ن لیگ سب سمیٹنا چاہتی ہے
مارچ میں عمران خان اکثریت سے سینیٹ میں کامیاب ہو جائیں گے جس کی 20فروری تک صورتحال بھی واضح ہو جائے گی،وفاقی وزیرریلوے
حسن ابدال(آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف نے خود اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا ہے، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقریرغیرذمہ دارانہ تھی جس میں پاکستان کی عظیم فوج کے خلاف باتیں کی گئیں۔ اتوار کو حسن ابدال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حزب اختلاف میں شامل تین جماعتوں کے 3 علیحدہ ایجنڈے ہیں۔ بلاول بھٹو قومی حکومت، مولانا فضل الرحمان انتخابات اور مسلم لیگ ن سب سمیٹنا چاہتی ہے۔ گوجرانوالہ جلسے میں شرمناک زبان استعمال کی گئی جس میں نواز شریف نے خود اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اب خود کو سیاسی طور پر فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میں آج بھی 31دسمبر تک جھاڑو پھر جانے والی بات پر قائم ہوں۔ مارچ میں عمران خان اکثریت سے سینیٹ میں کامیاب ہو جائیں گے جس کی 20فروری تک صورتحال بھی واضح ہو جائے گی۔ریلوے سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ حسن ابدال ریلوے اسٹیشن تاریخی ہے اس کی تعمیر نو اور تزئین کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جلد ٹریکس اور کوچز کا افتتاح کریں گے۔ راولپنڈی میں 40 کوچز تیار کر رہے ہیں اور ایک کوچ پر90لاکھ روپے کا خرچ آ رہا ہے۔
شیخ رشید

شیئر کریں

Top