قومی ٹی ٹوئنٹی کپ:عماد وسیم کی طرز قیادت پر عدم اطمینان

Imad-Waseem.jpg

عمر امین کو ڈراپ اور ناردرن کے بیٹنگ آرڈر کوتبدیل نہیں کر نا چاہئے تھا، راشد
کراچی (یواین پی) سابق قومی وکٹ کیپر راشد لطیف نے آل راؤنڈر عماد وسیم کی آئندہ سیزن میں کراچی کنگز اور ناردرن ریجن کی کپتانی سے محرومی کا خدشہ ظاہر کردیا۔ انہوں نے اپنے یو ٹیوب چینل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شاداب خان کی جگہ عماد وسیم ناردرن کی بہتر انداز میں قیادت نہیں کر سکے۔ ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچوں میں بیٹنگ آرڈر درست تھا جس میں تبدیلی سے ٹیم کو نقصان ہوا۔ کوچ محمد وسیم نے معاملات سنبھالنے کی کوشش کی تاہم عماد وسیم کے آنے سے چیزیں بدل گئیں۔ اگرچہ عماد وسیم ایک اچھے کھلاڑی ہیں تاہم کراچی کنگز اور ناردرن کی آئندہ سال کپتانی کی بات کی جائے تو مسائل درپیش آسکتے ہیں کیونکہ پی سی بی چاہے گا کہ بابر اعظم کراچی کنگز اور شاداب خان ناردرن ریجن کو لیڈ کرے۔ عماد وسیم کے پاس صرف ایک موقع رہ گیا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ سیزن پانچ کے باقی میچوں میں بطور کپتان کراچی کنگز کو اچھی پوزیشن دلا دے۔ راشد لطیف نے کہا کہ سدرن پنجاب کیخلاف سیمی فائنل میں عماد وسیم نے اچھی کپتانی نہیں کی،عمر امین کو ڈراپ کردیاگیا جو درست فیصلہ نہیں تھا جبکہ شاداب خان کو بھی لوئر آرڈر میں بھیجا گیاحالانکہ ابتدائی میچوں میں وہ اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کر رہے تھے۔
جس سے ٹیم کو بھی فائدہ ہو رہا تھا جبکہ علی عمران کو بھی ڈراپ کردیا گیا جو کہ نہیں کرنا چاہئے تھا۔

شیئر کریں

Top