قذافی سٹیڈیم لاہورکو12سال بعد ٹیسٹ کی میزبانی ملے گی

55.png

جنوبی افریقی ٹیم کیخلاف طویل فارمیٹ کا دوسرا میچ قذافی سٹیڈیم میں کرایا جائے گا
لاہور(آئی این پی) لاہور کو 12 سال بعد پہلے ٹیسٹ کی میزبانی ملنے کا امکان روشن ہوگیا، مجوزہ شیڈول کے مطابق مہمان جنوبی افریقی ٹیم کیخلاف سیریز میں طویل فارمیٹ کا دوسرا میچ قذافی اسٹیڈیم میں کرایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے نے ملکی میدان ویران کر دیے تھے،انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا عمل بتدریج آگے بڑھ رہا ہے، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں کراچی اور راولپنڈی میں ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہیں، دوسری جانب لاہور کو پی ایس ایل سمیت محدود اوورزکے مقابلوں کی میزبانی کا موقع ملا، البتہ گذشتہ 12 سال سے یہاں کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا گیا،ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ سے جنوری میں سیریز کے مجوزہ شیڈول میں ایک ٹیسٹ قذافی اسٹیڈیم میں بھی رکھا گیا ہے، پاکستانی ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے بعد 12 جنوری کو وطن واپس آئے گی، تربیتی کیمپ کے بعد پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کوکراچی میں شروع ہوگا، دوسرے میچ کیلیے لاہور میں میدان سجے گا، تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کو رواں سال ستمبرمیں 3ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ جانا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے دورہ غیر معینہ مدت کیلیے ملتوی کردیا گیا، اب اسے پی ایس ایل 6کے بعد اپریل میں شیڈول کیے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کو جنوری میں پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے، 12رکنی مہمان وفد پی ایس ایل 5کے باقی میچز کے دوران لاہور کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی سمیت انتظامات کا جائزہ لے گا، مہمان آفیشلز کا دورہ راولپنڈی بھی متوقع ہے۔

شیئر کریں

Top