حالات جیسے بھی ہوں قوم کی توقعات پر پورا اترینگے،آرمی چیف

YqtgYabjaWMVoLu-800x450-noPad.jpg

جنگی مشکلات کا مقابلہ کرنے کیلئے سخت تربیت اہم کردارادا کرتی ہے، فوجی جوانوں سے خطاب
راولپنڈی(آئی این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چاہے حالات جیسے بھی ہوں پاک افواج دفاع وطن میں قوم کی توقعات پر پورا اتریں گی اور انشاء اللہ ہم مادر وطن کا دفاع یقینی بنائیں گے ، جنگی مشکلات کا مقابلہ کرنے کیلئے سخت تربیت اہم کردارادا کرتی ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جمعرات کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوجرانوالہ اور مرالہ کا دورہ کیا جہاں کورہیڈ کوآرٹرز گوجرانوالہ میں آرمی چیف کو کور کے آپریشنل ،تربیتی اور انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔بعدازاں آرمی چیف نے گوجرانوالہ اور مرالہ کے قریب فیلڈ ٹریننگ ایونٹس کا دورہ کیا اور فوجی دستوں کی تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا اور روایتی آپریشنز کا طریقہ کار بھی دیکھا۔اس موقع پر فوجی دستوں سے گفتگو کے دوران آرمی چیف نے جنگی قابلیت اور متاثر کن تربیتی معیار کو سراہا اور کہا کہ تربیت پیشہ ورانہ قابلیت کا خاصہ ہے اور یہ جنگ میں سختیوں میں تیاری کو بڑھانے میں اہم کردارادا کرتی ہے۔چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوںانشاء اللہ پاک فوج مادروطن کے دفاع کیلئے ہماری عظیم قوم کی توقعات پر پورا اترے گی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ گوجرانوالہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں مریضوں کے فائدے کیلئے شروع کئے گئے اپ گریڈیشن کے متعدد منصوبوں کے بارے میں بھی تازہ ترین تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔آرمی چیف نے کوو ڈ 19سے نمٹنے اور قیمتی جانیں بچانے میں فوج کی میڈیکل کور کی کوششوں کو بھی سراہا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق گوجرانوالہ آمد پر کور کمانڈر گوجرانوالہ سید عاصم منیر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آرمی چیف

شیئر کریں

Top