ایونٹ میں معیاری کرکٹ اور شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے‘ سرفراز احمد

Sarfy-1.jpg

سندھ کی بیٹنگ لائن اپ کا دارومدار فواد عالم اور اسد شفیق پر ہوگا‘بات چیت
کراچی (آئی این پی )سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ سندھ کی ٹیم گزشتہ سال کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔ سندھ کی بیٹنگ لائن اپ کا دارومدار فواد عالم اور اسد شفیق پر ہوگا۔فاسٹ بالر تابش خان اور اسپنر محمد اصغر بالنگ کے شعبے میں سندھ کی نمائندگی کریں گے۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سندھ کی ٹیم گزشتہ سال کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی تاہم موجودہ اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی بھرپور محنت کررہا ہے اورخواہش ہے کہ رواں سال ہم زیادہ سے زیادہ میچز جیت سکیں۔گزشتہ سال کی رنرزاپ ٹیم ناردرن کی قیادت نعمان علی کررہے ہیں۔ ناردرن نے گزشتہ سال ٹورنامنٹ میں 3 میچز جیتے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ بالنگ کے شعبے میں کپتان نعمان علی خود جبکہ بیٹنگ میں ذیشان ملک اور نوید ملک نادرن کی امیدوں کا محور ہوں گے۔ناردرن کے کپتان نے کہا کہ گزشتہ سال ایک سلو آغاز کے باوجود ہم نے جارحانہ کرکٹ کھیل کر نہ صرف ایونٹ میں واپسی کی بلکہ فائنل میں بھی جگہ بنائی۔انہوں نے کہا کہ ناردرن کی ٹیم نئے ایڈیشن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔دوسری جانب سدرن پنجاب کی ٹیم کو اس مرتبہ اسپنرز زاہد محمود اور محمد عرفان سے بہت توقعات وابستہ ہیں۔شان مسعود کا کہنا ہے کہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ میں ہر ٹیم کے پاس ٹورنامنٹ میں واپسی کا مناسب موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا گزشتہ سال مقابلوں کا معیار اعلی رہا تھا۔بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں ایونٹ کے ابتدائی رانڈ میں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں مدمقابل آئیں گی۔ اس میچ میں بلوچستان کی قیادت یاسر شاہ کریں گے۔ انہیں بیٹنگ میں عمران بٹ، سمیع اسلم اور عبدالواحد بنگلزئی کا ساتھ میسر ہوگا جبکہ بالنگ کی صف میں سب سے آگے وہ خود ہوں گے۔یاسرشاہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ٹیم مثبت سوچ کے ساتھ ایونٹ کا آغاز کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔یاسر شاہ نے کہا کہ سترہ سالہ نوجوان عبدالواحد بنگلزئی نے سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کی بدولت فرسٹ الیون اسکواڈ میں جگہ بنائی، امید ہے وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے ڈیبیو سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔دوسری جانب محمد رضوان کی نیشنل ڈیوٹی پر مصروفیت کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی قیادت اشفاق احمد کررہے ہیں۔ جنید خان، عمران خان، عثمان شنواری اور ثمین گل پر مشتمل کے پی کا بالنگ اٹیک تجربہ کار پے۔اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں خیبرپختونخوا کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے ہمارے اسکواڈ میں سینئرز اور جونیئرز کا بہترین امتزاج موجود ہے، کوشش کروں گا کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی اپنی بہترین انفرادی کارکردگی سے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرسکوں۔
سرفراز احمد

شیئر کریں

Top