بیساکھیوں پر کھڑی حکومت کو انجام تک پہنچانے کا وقت آگیا :نواز شریف

5af61c2bbf3b9.jpg

نااہل آدمی کو حکومت میں بٹھانے کا فیصلہ فوج کا نہیں ، چند کرداروں کا تھا، اب کوئی ووٹ کی عزت کوئی پامال نہیں کرسکے گا ،قائد مسلم لیگ ن
ملک میں ادویات اور دیگر اشیا مہنگی ہوچکی ، صنعتیں اور معیشت تباہ ہوچکی ، کیوں چینی اور گندم کیوںمہنگی ہوئی اور مہنگائی بے قابو ہوگئی ،ویڈیو لنک خطاب
لندن /کوئٹہ(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی بیساکھیوں پر کھڑی حکومت کو انجام تک پہنچانے کا وقت آگیا ،جن لوگوں نے آئین اور قانون سے کھلواڑ کر کے عوام کو اس حال تک پہنچادیا ، کراچی واقعے نے ریاست کے اوپر ریاست کی بات کو سچ ثابت کردیا، نااہل آدمی کو حکومت میں بٹھانے کا فیصلہ فوج کا نہیں بلکہ چند کرداروں کا تھا،کوئٹہ جلسے سے واضح ہوگیا کہ اب کوئی ووٹ کی عزت کوئی پامال نہیں کرسکے گا اور ووٹ کی عزت کی طرف کوئی میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھے گا، ملک میں ادویات اور دیگر اشیا مہنگی ہوچکی ، صنعتیں اور معیشت تباہ ہوچکی ہے، کیوں چینی اور گندم مہنگی ہوئی اور مہنگائی بے قابو ہوگئی اور کھاتے پیتے لوگ غربت کا شکار ہوگئے ہیں،چند لوگوں کو اپنے اختیارات عوام کی خوش حالی سے زیادہ عزیز ہے، نواز شریف ان لوگوں کو اچھا نہیں لگتا کیونکہ وہ ووٹ سے منتخب ہے اور ڈکٹیشن نہیں لیتا اس لیے فیصلہ ہوا نواز شریف کو نکالو،2018 انتخابات میں پی ٹی آئی کو جتوایا گیا اور تاریخ کی بدترین دھاندلی کرکے انہوں نے تاریخ کے نالائق ترین آدمی کو وزیراعظم کے منصب پر بٹھایا گیا، پرویز مشرف کے ذاتی اکاؤنٹس میں اربوں پڑے ہوئے ہیں اور اس کے ثبوت موجود ہیں لیکن نیب اور عمران خان کے پاس احتساب کی ہمت نہیں ہے،ہمارا عمران خان سے مقابلہ نہیں ، ثاقب نثار کا این آر او تمہیں نہیں بچائے گا، فارن فنڈنگ کیس، زمان پارک میں تعمیرات کی اور بنی گالہ سے متعلق حساب دینا پڑے گا اور آپ بچ نہیں پائیں گے اور جیل جائیں گے، سول سرونٹ کو کسی دبا ؤمیں آئے بغیر امور انجام دینے چاہیے،عوام کو پیغام ہے کہ پاک فوج ہم سب کی فوج ہے اور اس کی عزت کیجیے لیکن جہاں آئین شکنی ہورہی ہو وہاں اس کی حفاظت کیجیے۔اتوار کو کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں اپوزیشن مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے تیسرے جلسے سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب میں مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آج کے جلسے سے واضح ہوگیا کہ اب کوئی ووٹ کی عزت کوئی پامال نہیں کرسکے گا اور ووٹ کی عزت کی طرف کوئی میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ میر حاصل بزنجو کی یاد آرہی ہے جو اپنے والد کی طرح بہادر تھے اور ہر فورم پر خطروں سے بے نیاز ہو کر سچی بات کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ محسن داوڑ اور اصغر کو کوئٹہ میں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جس کی ہم سب مذمت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے نام پر پہلے بھی بدنامی ہوئی ہے، بلوچستان میں مری، مینگل، بگٹی اور دیگر قبائل کے ساتھ جو ہوا ہے وہ ہمارے لیے بدنامی کا باعث ہے۔نواز شریف نے کہا کہ انہیں اس لیے غداری کا مرتکب قرار دیا گیا کیونکہ وہ آئین و قانون کی بات کررہے تھے، انہیں لاپتہ کردیا گیا کچھ پتہ نہیں کہ انہیں آسمان کھا گئی کہ زمین نگل گئی۔ان کا کہنا تھا کہ میں جب بھی لاپتہ افراد کی مائیں اور بہنوں کو دیکھتا ہوں تو افسردہ ہوتا ہوں، ہم کب تک اپنے لوگوں کے خلاف استعمال ہوتے رہیں گے۔نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ کن مسائل کا شکار ہیں اور انہیں روزمرہ زندگی میں کس طرح کی مشکلات پیش آرہی ہیں اس کا بخوبی علم ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں ادویات اور دیگر اشیا مہنگی ہوچکی ہیں، صنعتیں اور معیشت تباہ ہوچکی ہے، کیوں چینی اور گندم مہنگی ہوئی اور مہنگائی بے قابو ہوگئی اور کھاتے پیتے لوگ غربت کا شکار ہوگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا روپیہ آج نیپالی اور افغانستان کی کرنسی سے بھی نیچے گر گیا ہے، کیونکہ شاہراہیں اور موٹرویز بند ہوئیں، پاکستان کیوں دنیا میں تنہا ہوگیا اور کیوں بھارت کو کشمیر ہڑپ کرنے کی ہمت ہوئی۔
نواز شریف

شیئر کریں

Top