بھارت کشمیر پر قبضے کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا : نگران وزیر ِاعلیٰ

mir-afzal-appointed-gb-s-caretaker-cm-as-assembly-completes-its-term-1592983002-1320.jpg

سی پیک سے صوبے کو فائدہ ہو گا، گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے پیش رفت ہوئی ہے،انفارمیشن گروپ افسران سے گفتگو
صوبائی کابینہ نے منظوری دیدی ہے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو تنخواہوں کی ادائیگی جلد کی جائے گی،تقریب سے خطاب
گلگت (بادشمال نیوز)نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل نے انفارمیشن گروپ کے آفیسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کی غاصبانہ قبضے کے خلاف دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جارہاہے۔ بھارت نے نہتے مظلوم کشمیریوں پر ظلم کی انتہاء کی ہے۔ تقریباً گزشتہ ڈیڑھ سال سے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا ہے۔ بھارت اپنے مزموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ دنیا بھر کے سامنے بھارت کا مکرو چہرہ عیاں ہوا ہے۔ پاکستانی عوام اپنے کشمیریوں بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن ہیں۔ اپنی مدد آپ کے تحت ڈوگروں سے آزادی حاصل کی اور پاکستان سے الحاق کیا۔ گلگت بلتستان میں سیاحت ، توانائی اور معدنیات کے وسیع موقع موجود ہیں۔ پاور سیکٹر میں دیامر بھاشا ڈیم سمیت بڑے منصوبوں پر کام شروع ہورہاہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے دیامر بھاشا ڈیم کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے اور اس منصوبے پر عملی طور پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ گلگت بلتستا ن میں موجود توانائی کے مواقعوں، سیاحت اور معدنیات سے استعفادہ حاصل کرنے کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کررہی ہے۔ گلگت بلتستان میں ریجنل گرڈ کا قیام عمل میں لایا جارہاہے۔ ریجنل گر ڈ کے قیام کے بعد گلگت بلتستان کو نیشنل گرڈ سے منسلک ہونے میں مدد ملے گی۔ سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے حکومت گلگت بلتستان ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ سیاحوں کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹورازم پولیس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سی پیک سے گلگت بلتستان کو فائدہ ہوگا۔ سی پیک کی وجہ سے تعمیر و ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔ گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے پیش رفت ہوئی ہے۔ دریں اثناء نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل نے پولیس ٹریننگ کالج میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) اور پولیس جوانوں کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور پولیس جوانوں کی تربیت جدید خطوط پر ہوئی ہے جو قابل تحسین ہے۔ یہاں سے جدید تربیت پانے والے جوانوں کیلئے عملی طور پر معاون ثابت ہوگی۔ پولیس کے مثبت کردار اور عوام کا اعتماد کو مزید بہتر بنانے کیلئے تربیت کے نظام کو پولیس ٹریننگ کالج میں زیر تربیت جوانو ں کو پڑھایا جائے۔ پاس آؤٹ ہونے والے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنے حلف کی پاسداری کریں۔ مجھے امید ہے کہ پولیس کے جوان جرائم کے خاتمے اور امن وامان قائم کرنے
کے علاوہ ضرورت پڑنے پر وطن عزیز کی دفاع کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل نے کہا کہ پولیس فورس کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے اہلکاروں کو تنخواہوں کی ادائیگی جلد کی جائے گی جس کی منظوری دی گئی ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ

شیئر کریں

Top